پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ساتویں آسمان پر

نئی دہلی : کئی دنوں کی راحت کے بعد اب مسلسل پٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔

بتا یا جا تا ہے کہ بین الاقوامی منڈیوں میں گذشتہ چار ہفتوں سے مسلسل تیل کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد ملک میں سرکاری تیل کمپنیاں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کررہی ہیں ۔

کانگریس نے ڈیزل او رپٹرول کی قیمت پانچ سال میں سب سے انچی سطح تک پہنچنے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کو ایندھن سے ہونے والی کمائی کا استعمال الیکشن جیتنے اور حکومتیں بنانے کے لئے کرنے کے بجائے تیل کی قیمتیں کنٹرول کرنے اور عام عوام کو فائدہ پہنچانے کیلئے کرنا چاہئے ۔

کانگریس کے ترجمان جے ویر شیر گل نے صحافیوں سے کہا کہ ملک میں مہنگائی آسمان چھورہی ہے او رپٹرول کے دام پانچ سال میں بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں ۔حکومت نے ان چار سالوں کے دوران ایندھن فروخت سے جم کر کمائی کی ہے ۔مودی حکومت کو اس کمائی اس استعمال کرناٹک او ردیگر ریاستوں میں حکومت بنانے کے واسطے ممبر اسمبلی کی خریداری جیسے کاموں کی بجائے عام لوگوں کے مفاد میں کرنا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے ایندھن سے ٹیکس کی شکل میں اب تک دس لاکھ کروڑ روپے حاصل کئے ہیں ۔