پٹرول ، ڈیزل کی قیمتیں برقرار

نئی دہلی ۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انتخابات کے درمیان غیرمقبول فیصلے کرنے سے خائف حکومت نے آج تیل کمپنیوں کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں معلنہ پالیسی کے مطابق اضافہ کرنے کی اجازت نہیں دی۔ اس ماہ دو کٹوتیوں کے بعد پٹرول کی قیمتوں میں 40 تا 50 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہونا چاہئے تھا کیونکہ روپئے کی قدر امریکی ڈالر کے مقابل گھٹی ہے اور بین الاقوامی تیل شرحیں درآمدات کے معاملہ میں بڑھی ہیں۔

دہلی میں شدید گرمی
نئی دہلی ۔ 30 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) قومی دارالخلافہ میں اس وقت گرمی شباب پر ہے جہاں دن کے اولین اوقات میں ہی درجہ حرارت 42 ڈگری سیلسیس پہنچ گیا ہے جس نے دہلی والوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے ۔ کل زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس نوٹ کیا گیا تھا ۔ گرمی میں شدت کی وجہ سے دوپہر 11 تا شام 6 بجے تک سڑکوں پر زیادہ ٹرافک نہیں ہے اور پارکوں اور دیگر تفریحی مقامات پر بھی لوگ شام 7 بجے کے بعد آرہے ہیں۔ سینما ہالس کے میٹنی اور فرسٹ شو میں شائقین کی تعداد انتہائی کم ہے جبکہ شام کے شوز میں نسبتاً عوام کی تعداد زیادہ ہے۔ دوسری طرف ٹھنڈے مشروبات فروخت کرنے والوں کا کاروبار عروج پر ہے۔