صنعاء ۔ 29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کے عطیے کی پہلی کھیپ لے کر سعودی آئل ٹینکر پیر کے روز یمن کے جنوبی شہر عدن کی بندر گاہ پہنچ گیا۔ یمن میں تعمیر نو اور ترقی سے متعلق پروگرام کے ضمن میں سعودی عرب ماہانہ 6 کروڑ ڈالر مالیت کی پٹرولیم مصنوعات یمن کو فراہم کرے گا۔ اس کا مقصد یمن کے تمام آزاد کرائے گئے صوبوں میں بجلی کے پاور اسٹیشنوں کو ڈیزل اور میزوٹ ایندھن فراہم کرنا ہے۔تیل کی کمپنی نے 10 صوبوں میں 64 پاور اسٹیشنوں کو 62 ہزار ٹن ڈیزل اور 25 ہزار ٹن میزوٹ ایندھن کی تقسیم شروع کر دی ہے۔ یمنی حکومت کے زیر نگرانی اس کارروائی کے نتیجے میں 85 لاکھ سے زیادہ یمنی شہری مستفید ہو سکیں گے۔