پٹاخے امرتسر اور ممبئی میں جلائے جائینگے : نتیش کمار

دربھنگا۔ 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ کے پاکستان میں پٹاخے چھوڑنے کے تبصرہ پر تنقید کرتے ہوئے چیف منسٹر نتیش کمار نے جوابی وار کیا اور کہا کہ بہار اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی شکست پر سب سے زیادہ پٹاخے ممبئی اور امرتسر میں چھوڑے جائیں گے کیونکہ مہاراشٹرا اور پنجاب کے عوام شدید ذہنی دباؤ کے تحت زندگی گذار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عظیم سیکولر اتحاد کی کامیابی پر پاکستان میں نہیں بلکہ ہندوستان میں اور سب سے زیادہ امرتسر اور ممبئی میں پٹاخے چھوڑے جائیں گے۔ این ڈی اے کی حلیف شرومنی اکالی دل سے پنجاب میں اور شیوسینا سے مہاراشٹرا میں اتحاد وقفہ وقفہ سے اختلافات کا شکار ہوتا رہتا ہے۔ نتیش کمار نے یاد دہانی کی کہ صدر بی جے پی امیت شاہ نے گذشتہ ہفتہ کہا تھا کہ اگر بی جے پی بہار اسمبلی انتخابات میں ناکام ہوجائے تو پاکستان میں پٹاخے چھوڑے جائیں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ امیت شاہ کا بیان مذہبی بنیادوں پر ووٹوں کی صف بندی کیلئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا یہ مجرمانہ منصوبہ کامیاب نہیں ہوگا۔ عظیم سیکولر اتحاد کے چیف منسٹری کے امیدوار نتیش کمار نے وزیراعظم نریندر مودی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم مبینہ طو رپر نجومی بے جان دارووالا سے ملاقاتیں کرتے رہے ہیں۔ میں نے تو دن کے اجالے میں تانترک سے ملاقات کی تھی لیکن خبروں کے بموجب نریندر مودی نے نجومی بے جان دارو والا سے مبینہ طور پر رات کی تاریکی میں ملاقات کی تھی۔