کڑپہ۔/11اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر کڑپہ کوٹاششی دھر نے کڑپہ کلکٹریٹ کے منی کانفرنس ہال میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں سے اسمبلی و پارلیمانی انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے میں تعاون دینے کی خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ 12اپریل تا 19اپریل اسمبلی و پارلیمان کیلئے پرچہ نامزدگی کے ادخال کا عمل شروع ہوگا۔ اس موقع پر ضلع ایس پی مسٹر اشوک کمار بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ ضلع کڑپہ میں پارلیمان و اسمبلی انتخابات 7مئی کو منعقد کئے جارہے ہیں۔ کڑپہ انتخابی ریٹرننگ آفیسر ضلع کلکٹر کڑپہ مسٹر کوٹا ششی دھررہیں گے جبکہ ضلع کے دیگر 9اسمبلی حلقوں کیلئے آر ڈی او اور تحصیلداروں کا تقرر کیا جائے گا۔13اپریل کو اتوار،14اپریل کو امبیڈکر جینتی اور 18اپریل کو گڈ فرائی ڈے ہونے کی وجہ سے ان دنوں میں تعطیل رہے گی۔ اس لئے بقیہ کام کے دنوں میں تمام امیدوار اپنے پرچہ نامزدگی داخل کرسکتے ہیں۔ 21اپریل کو پرچہ نامزدگی کی جانچ ہوگی۔ 23 اپریل کو پرچہ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی۔7 مئی کو انتخابات منعقد کئے جائیں گے۔ 16مئی کو ووٹوں کی گنتی کا عمل ہوگا۔ مسٹر کوٹا ششی دھر نے کہا کہ امیدواروں کے اخراجات پر خصوصی نگاہ رکھی جائے گی۔امیدواروں سے ہر ایک پیسے کا حساب کتاب لیا جائے گا۔ ارکان اسمبلی 28لاکھ ، ارکان پارلیمنٹ 70لاکھ تک ہی خرچ کرسکتے ہیں۔ مقررہ حد سے تجاوز کرنے والے امیدواروں کے خلاف الیکشن کمیشن سخت اقدامات کرے گا۔ ضلع ایس پی مسٹر اشوک کمار نے کہا کہ ضلع میں بلدی انتخابات اور پہلے مرحلے کے ضلع پریشد و منڈل پریشد انتخابات کے پُرامن انعقاد کیلئے عوام کا تعاون اور مختلف سیاسی جماعتوں کا تعاون حاصل رہا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ عوام اور سیاسی جماعتوں کا تعاون اسمبلی و پارلیمانی انتخابات کے موقع پر بھی حاصل رہا تو ضلع میں پرامن انتخابات کو یقینی بنایا جاسکے گا۔کل سے ضلع بھر میں پرچہ نامزدگیوں کے ادخال کا آغاز ہورہا ہے جس کے پیش نظر پولیس کا وسیع تر بندوبست کیا گیا ہے۔ امیدوار اپنے پرچار کیلئے اسپیکر کے استعمال کیلئے اجازت لینا لازمی ہوگا۔ ورنہ کارروائی کی جائے گی۔ اس طرح سے گاڑیوں کے ذریعہ تشہیر کیلئے بھی ریٹرننگ آفیسر سے پرمٹ لینا ضروری ہوگا۔ دفعہ 30نافذالعمل رہے گا۔ اس موقع پر ضلع جوائنٹ کلکٹر راما راؤ نے کہا کہ پیڈ آرٹیکلس پر خصوصی نگاہ رکھی جارہی ہے۔ امیدواروں کیلئے اخباری اشتہارات کی اشاعت کیلئے ایم سی ایم سی کمیٹی سے اجازت لینا ضروری ہے۔ ضلع میں 9اپریل تک1.25 لاکھ نئے ووٹروں کا اندراج ہوا ہے۔ تنقیح کے بعد 19اپریل کو ان کے ناموں کو ووٹر لسٹ میں شامل کرلیا جائے گا۔ اس موقع پر دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔