پُراعتماد ٹیم انڈیا کی کنگسٹن آمد

کنگسٹن ، 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پُراعتماد انڈین کرکٹ ٹیم میزبان ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹسٹ کیلئے یہاں پہنچ چکی ہے، جو 30 جولائی کو شروع ہوگا۔ مہمانوں کو امید ہے کہ وہی ردھم برقرار رہے گا جو انٹیگا میں سیریز کے پہلے میچ اننگز کی فتح کے ساتھ حاصل ہوا ہے۔ میزبانوں کو اننگز اور 92 رنز سے شکست فاش دینے کے بعد ویراٹ کوہلی اور ان کے کھلاڑیوں کا حوصلہ بلند ہے ۔ ہندوستانی کھلاڑی ہلکی پھلکی تفریحی سرگرمیوں کا لطف بھی لے رہے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی جمائیکا کے شہر پہنچ گئی اور وہ کوشاں ہے کہ اپنی ناکامی کی تلافی کرلیں۔ اس دوران ہیڈ کوچ انیل کمبلے، کوہلی، شکھر دھون نے کرگل دیوس کے موقع پر ہندوستانی سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ کوہلی نے ٹوئٹ کیا، ’’60 یوم کا آپریشن وجئے۔ میں کرگل جنگ کے دوران اسکول میں تھا۔ مجھے یاد ہے کس طرح ہر فیملی نے فوجیوں کا دکھ بانٹا ہے۔ ہم سب نے ان کیلئے دعا کی اور ہندوستانی ہونے پر فخر کیا۔ یہ ان فوجیوں اور ان کے خاندانوں کے نام ہے، آپ ہی انڈیا کے حقیقی ہیروز ہو۔ جئے ہند‘‘۔