پُراسرار قتل : والدین اور مقامی افراد سے پوچھ تاچھ

مچھلی پٹنم ۔3فبروری ( پی ٹی آئی ) ممبئی پولیس کی ٹیم نے آج سافٹ ویر پروفیشنل نوجوان خاتون ایسٹر انوہیاکے مشتبہ قتل کے سلسلہ میں چند مقامی افراد اور والدین سے پوچھ تاچھ کی ۔ یہ ٹیم جو انسپکٹر اشوک پاپھلے کی قیادت میں آئی ہوئی ہے‘ مشتبہ افراد کی تصاویر بھی تحقیقات کے حصہ کے طور پر بعض افراد کو دکھائی ۔ 23سالہ انوہیا کے والدین سے بھی پوچھ تاچھ کی گئی ۔ پاپھلے نے بتایا کہ دو ٹیمیں اس مقدمہ کی تحقیقات کررہی ہے ۔ خصوصی تحقیقاتی ٹیم حیدرآباد گئی ہوئی ہے اور دوسری ٹیم نے شہر کا دورہ کرتے ہوئے تحقیقاتی عمل جاری رکھا ہے ۔ انوہیا جو ممبئی کے مضافاتی گُرگاؤں میںٹی سی ایس میں ملازم تھی‘اس کا تعلق مچھلی پٹنم سے تھا ۔ پولیس کو انوہیا کی 5جنوری کو ممبئی کے لوک مانیا تلک ٹرمنس سے پُراسرار گمشدگی کا اب تک سراغ نہیں مل سکا ۔ اُس کی مسخ شدہ نعش 16جنوری کو ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر دستیاب ہوئی ۔ پولیس یہ بھی تحقیقات کررہی ہے کہ کیا اسے جنسی طور پر نشانہ بنانے کے بعد ہلاک کیا گیا ہے ۔ پولیس نے حال ہی میں ایک شخص کو حراست میں لیا ہے جو حیدرآباد میں انوہیا کا دوست بتایا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ایک اور شخص کی بھی تلاش جاری ہے جو 5جنوری کی اولین ساعتوں میں ٹرمنس کے پلیٹ فارم پر انوہیا کے ہمراہ سی سی ٹی وی پر دیکھا گیا ۔