پوٹرو کوشکست ،جوکووچ نے 14واںگرانڈ سلام جیت لیا

نیویارک۔10 ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) سربیائی ٹینس اسٹار نواک جوکووچ نے ارجنٹیناکے یان مارٹن ڈیل پوٹرو کو شکست دے کر یو ایس اوپن خطاب ایک مرتبہ پھر اپنے نام کرلیا۔نیویار کے آرتھر ایش اسٹیڈیم میں کھیلا گیا فائنل سنسنی ثابت نہ ہوسکا جیسا کہ جوکووچ نے اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے حریف کھلاڑی کو 4-6، (4)6-7 اور 3-6 سے شکست دے دی۔جوکووچ کے کیرئیر کا یہ 14واں گرانڈ سلام خطاب ہے جبکہ یہ ان کے تیسرا یو ایس اوپن خطاب بھی ہے۔اس سے قبل نواک جوکووچ نے 2011 میں ہسپانوی اسٹار رافل نڈال اور2015 میں راجر فیڈرر کو شکست دے کر یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔اپنی اس جیت کے ساتھ ہی نواک جوکووچ سب سے زیادہ گرانڈ سلم جیتنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ جوکووچ کے علاوہ امریکہ کے عظیم ٹینس اسٹار پیٹ سیمپراس بھی 14 گرانڈ سلام خطابات جیتنے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔ان سے قبل انہی کے روایتی حریف راجر فیڈرر 20 مرتبہ جبکہ رافیل نڈال 17 مرتبہ گرانڈ سلام خطاب اپنے نام کر چکے ہیں۔یاد رہے کہ رواں برس جولائی میں ہونے والے تیسرے بڑے گرانڈ سلام ومبلڈن بھی نوواک جوکووچ نے اپنے نام کیا ہے۔جبکہ پوٹرودوسری مرتبہ یہاں خطاب حاصل نہیں کرپائے۔