پون کلیان کے سیاست میں داخلہ کا خیر مقدم

سماجی انصاف کیلئے جدوجہد کرنے چرنجیوی کا مشورہ

وجئے واڑہ 24 مارچ ( پی ٹی آئی ) مرکزی وزیر و آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی انتخابی مہم کے انچارچ چرنجیوی نے اپنے بھائی پون کلیان کے سیاست میں داخلہ کا خیر مقدم کیا ہے ۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چرنجیوی نے کہا کہ وہ ان کے بھائی کو دعوت دیتے ہیں کہ سماجی انصاف کیلئے سیاست میں داخل ہوں۔ کانگریس کی بس یاترا کے تعلق سے بی جے پی لیڈر ایم وینکیا نائیڈو کے حالیہ ریمارک کے تعلق سے چرنجیوی نے کہا کہ بی جے پی نے ہی سب سے پہلے بابری مسجد کی شہادت سے قبل رتھ یاترا کا نظریہ پیش کیا تھا ۔ وینکیا نائیڈو نے کہا تھا کہ کانگریس قائدین اب بس یاترا منعقد کر رہے ہیں اور انتخابات کے بعد وہ تیرتھ یاترا پر چلے جائیں گے ۔ چرنجیوی نے کہا کہ بی جے پی کو رتھ یاترا کی وجہ سے ہی فائدہ ہوا اور لوک سبھا کی اس کی نشستوں کی تعداد 2 سے بڑھ کر 80 ہوگئی تھی ۔ اس سوال پر کہ کانگریس قائدین کیوں تلگودیشم میں ہجرت کر رہے ہیں مسٹر چرنجیوی نے کہا کہ تلگودیشم سربراہ چندرا بابو نائیڈو اس طرح کی ہجرت کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں اور کارپوریٹ ارکان پارلیمنٹ کو کانگریس قائدین کے گھروں ک بھیج رہے ہیں اور انہیں کئی طرح کے لالچ دئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی دل بدلیوں سے سے کانگریس کو کوئی نقصان ہونے والا نہیں ہے کیونکہ کارکن ابھی کانگریس کے ساتھ ہیں۔