پون کلیان کے حامیوں کی ٹی وی چینلس کی گاڑیوں پر سنگباری

حیدرآباد ۔ /20 اپریل (سیاست نیوز) جوبلی ہلز فلم چیمبر کے قریب آج اُس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب تلگو فلم اداکار و سیاست داں پون کلیان کے حامیوں نے پروگرام کے کوریج کیلئے پہونچنے والے ٹی وی نیوز چیانلس کی گاڑیوں پر سنگباری کرکے شدید نقصان پہونچایا ۔ بتایا جاتا ہے کہ تلگو فلم اداکارہ سری ریڈی جس نے حالیہ دنوں فلم چیمبرس کے قریب نیم برہنہ مظاہرہ کرکے تلگو فلم صنعت میں ہلچل مچادی تھی اور اداکارؤں سے ناانصافی کا الزام عائد کیا اور پون کلیان کے خلاف کئی بیانات جاری کئے ۔ آج صبح پون کلیان فلم چیمبرس میں منعقدہ ایک پروگرام میں شرکت کیلئے پہونچے جس کی اطلاع ملنے پر ان کے فیانس کثیر تعداد میں جمع ہوگئے ۔ اس پروگرام کے کوریج کیلئے پہونچنے والے تلگو ٹی وی چیانل کی لائیو او بی ویانس پر پون کلیان کے حامیوں نے اچانک سنگباری شروع کردی اور سری ریڈی کی جانب سے پون کلیان کے خلاف دیئے گئے بیانات کو مسلسل نشر کئے جانے پر اپنی برہمی کا اظہار کیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ چار نامعلوم نقاب پوش افراد نے میڈیا کی گاڑیوں کو نشانہ بناتے ہوئے ان پر سنگباری کی ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ویسٹ زون پولیس نے فلم چیمبرس کے قریب بھاری پولیس فورس کو متعین کردیا اور سنگباری میں ملوث افراد پر ہلکا سا لاٹھی چارج کرتے ہوئے انہیں منتشر کردیا ۔ انچارج کمشنر آف پولیس مسٹر ڈی ایس چوہان نے سیاست نیوز کو بتایا کہ میڈیا کی گاڑیوں پر کئے گئے حملوں میں ملوث 4 افراد کی نشاندہی کے بعد انہیں حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ پولیس جوبلی ہلز نے اس واقعہ سے متعلق دو مقدمات درج کئے ہیں اور تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔ فیانس کی جانب سے تشدد کے واقعات میں ملوث ہونے پر پون کلیان نے سوشیل میڈیا کے ذریعہ انہیں اپیل کی کہ وہ الیکٹرانک میڈیا کے خلاف پرامن احتجاج کریں اور تشدد میں ملوث نہ ہوں ۔ یہ ڈرامہ تقریباً ساڑھے چار گھنٹے تک جاری رہا اور پولیس نے علاقے میں بھاری فورس کو متعین کرتے ہوئے چوکس رہنے کی ہدایت دی ۔