پونم پربھاکر کے خلاف مقدمہ سے دست برداری کا مطالبہ

کورٹلہ /5 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسٹر پونم پربھاکر رکن پارلیمنٹ کریم نگر کے خلاف درج کئے گئے مقدمہ سے دست برداری کا مطالبہ کرتے ہوئے منجولہ گوپی گوڑ سرپنچ کی زیر قیادت میڈ پلی منڈل کے کونڈہ پور کے عوام نے ہفتہ کو قومی شاہراہ پر احتجاج منظم کیا۔ اس موقع پر منجولہ گوپی گوڑ نے کہا کہ تلنگانہ مہم کے دوران سیما۔ آندھرا قائدین کی جانب سے کئی متنازعہ ریمارکس کئے گئے، لیکن ان کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں کی گئی اور نہ ان قائدین کے خلاف کیس درج کیا گیا، تاہم کریم نگر کے رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر کا تعلق تلنگانہ اور پسماندہ طبقہ سے ہونے کی وجہ سے ان کے بیان کو رائی کا پہاڑ بنایا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی آندھرا اور تلنگانہ کے درمیان دوہرا معیار اختیار کر رہے ہیں۔ انھوں نے پونم پربھاکر کے خلاف درج کئے گئے مقدمہ سے دست برداری کا مطالبہ کیا، جب کہ بصورت دیگر احتجاج میں شدت پیدا کرنے کا انتباہ دیا۔ قبل ازیں منڈل کانگریس پارٹی کے زیر اہتمام میڈ پلی پولیس اسٹیشن کے سامنے دھرنا منظم کرتے ہوئے سیما۔ آندھرا قائدان کے خلاف نعرے لگائے گئے اور تلنگانہ مہم کو سبوتاج کرنے کی سازش رچنے والے کرن کمار ریڈی کو چیف منسٹر کے عہدہ سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ سیما۔ آندھرا کے قائدین لاکھ رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کریں، لیکن تلنگانہ ریاست بن کر رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ مسٹر پونم پربھاکر نے علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے سلسلے میں ہائی کمان پر دباؤ ڈالتے ہوئے ریاست کے قیام میں اہم رول ادا کیا ہے انھوں نے تلنگانہ عوام کی آواز دبانے کے لئے پونم پربھاکر کے خلاف کیس درج کرنے کا حکومت پر الزام عائد کیا۔ انھوں نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ پونم پربھاکر کے خلاف درج کئے گئے مقدمہ سے فوری دست برداری اختیار کی جائے اور سیما۔ آندھرا کے جن قائدین نے تلنگانہ عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے، ان کے خلاف کیس درج کیا جائے۔ دھرنا میں موجود قائدین نے کہا کہ اگر مقدمہ سے دست برداری اختیار نہیں کی گئی تو ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ انھوں نے سیما۔ آندھرا قائدین سے کہا کہ تلنگانہ قائدین اور تلنگانہ عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے بیانات سے باز آجائیں، بصورت دیگر سیما۔ آندھرا کے قائدین کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انھوں نے سیما۔

آندھرا کے قائدین سے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کے قیام میں رکاوٹیں پیدا کرنا بند کردیں۔ ان قائدین نے سب انسپکٹر مسٹر مرلی کو میمورنڈم پیش کیا۔ اس موقع پر صدر منڈل کانگریس پارٹی مسٹر جے وینو گوپال، سکریٹری ڈسٹرکٹ کانگریس مسٹر عظیم کے علاوہ مسرز راملو، سریدھر، لنگم گوڑ، گڈم سرینواس ریڈی، نواب، اظہر الدین اور دیگر بھی موجود تھے۔