نئی دہلی ۔ 28؍ اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ہاکی کی رکن پونم اور چنچن دیوی نے ملک کے 100 بین الاقوامی ہاکی مقابلے کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے ۔ پونم نے دورہ یورپ کے موقع پر گذشتہ ہفتہ آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گئے مقابلے میں 100 واں مقابلہ پورا کرلیا ہے جبکہ اسی دورہ پر اسکاٹ لینڈ میں چمپنئس چیلنج میں کوریا کے خلاف منعقدہ مقابلے میں اپنا 100 واں بین الاقوامی مقابلہ مکمل کرلیا ہے ۔ پونم کا تعلق ہریانہ کے مقام حسار سے ہے جنہوں نے 2009 میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا جس کے بعد سے انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا ہے ۔ 2010 میں پونم اس ہندوستانی ٹیم کا حصہ تھیں جس نے جاپان ‘ چین اور نیوزی لینڈ کے ٹسٹ مقابلے کھیلے ہیں ۔ چنچن دیوی کا تعلق منی پور ہے جنہوں نے بھی 2009 میں اپنے بین الاقوامی کیرئر کا آغاز ہالینڈ میں منعقدہ 7 ویں ایشیاء کپ کے ذریعہ کیا ۔ علاوہ ازیں 2010 میں چمپئنس ٹروفی کوریا میں منعقد ہوئی جس میں انہوں نے ہندوستان کی نمائندگی کی ۔