پولیس کے بھیس میں لٹیرے

کاماریڈی :15؍جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)فلمی انداز میں اپنے آپ کو پولیس ظاہر کرتے ہوئے سونے چاندی کے تاجر کو لوٹ لینے واقعہ کا آج کاماریڈی کے مایہ بازار کے علاقہ میں پیش آیا۔ سب انسپکٹر کاماریڈی ٹاون مسٹر ساینا نے بتایا کہ سونے چاندی کے تاجر لکشمی پتی آج صبح اپنے گھر قصاب گلی سے دکان جارہے تھے کہ مایہ بازار کے قریب دونامعلوم افراد اسکوٹر پر پہنچ کر اپنے آپ کو پولیس کی حیثیت سے ظاہر کیا اور سرکل صاحب بلارہے ہیں کہتے ہوئے ان کے پاس موجود بیاگ حاصل کیا اور بیاگ کی تلاشی لیتے ہوئے انہیں واپس کردیا ۔ لکشمی پتی گاندھی گنج میں واقع اپنی دکان پہنچ کر دیکھا تو ان کے بیاگ میں موجودہ 16 تولہ سونا غائب تھا جس پر فوری پولیس اسٹیشن پہنچ کر پولیس کو اطلاع دی ۔ مسٹر سائنا نے بتایاکہ اس سلسلہ میں پولیس عادی سارقوں کے علاوہ مشتبہ افراد پر نظر رکھی ہوئی ہے ۔ پولیس اس سلسلہ میں مصروف تحقیقات ہے۔

تالاب میں ماں بیٹی غرقاب
کاماریڈی :15؍جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)پانی میں غرقاب ہونے سے ماں اور بیٹی فوت ہوگئے یہ واقعہ کاماریڈی رورل پولیس اسٹیشن کے موضع گرگول کے حدود میں پیش آیا۔ سب انسپکٹر دیون پلی کی اطلاع کے بموجب گرگول کے سنگ تراش طبقہ سے تعلق رکھنے والے رسول بی اور اس کے دو دختران فاطمہ اور دوسری لڑکی کو لیکر جنگل کے علاقہ میں لکڑی کاٹنے کیلئے گئے ہوئے تھے لکڑی کاٹنے کے بعد پانی کی پیاس محسوس ہونے پر یہاں پر موجودہ تالاب میں پانی پینے کیلئے فاطمہ گئی ہوئی تھی اور پانی پینے کے دوران گہرے پانی میں چلی گئی ۔ جس پر چلانا شروع کیا تو اسے بچانے کیلئے رسول بی بھی پانی میں اترگئی اور یہ بھی پانی میں غرقاب ہوگئی۔ اس بات کی اطلاع ملتے ہی پولیس دیون پلی یہاں پہنچ کر تیراکوں کی مدد سے ان دونوں کی نعشوں کو باہر نکالاگیا اور بعد پنچنامہ پوسٹ مارٹم کے لئے دواخانہ منتقل کیاگیا۔ بعد پوسٹ مارٹم نعشوں کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔ موضع گرگل میں سنگ تراش مسلمانوں کی آبادی ہے اور یہاں کے سنگ تراش برسہا برس سے اس علاقہ میں مزدوری کرتے ہوئے اپنی زندگی بسر کررہے ہیں اس واقعہ کے بعدسارے گرگول میں غم کی لہر دوڑگئی۔