حیدرآباد ۔ 5 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : سعید آباد و ملک پیٹ پولیس کی مشترکہ کارروائی نے آج ذہنی معذور گمشدہ مسلم لڑکیوں کو ان کے افراد خاندان سے ملادیا ۔ 3 تا 4 گھنٹے کی مشقت و دلچسپی نے ایک پریشان حال خاندان میں خوشیاں بھردیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ سعید آباد بنک کالونی کے ساکن حبیب الدین کی دو لڑکیاں جن میں ایک کی عمر 21 سال اور ایک لڑکی کی عمر تین سال بتائی گئی ہے دونوں بہنیں اچانک مکان سے لاپتہ ہوگئیں ۔ پریشان والدین و رشتہ داروں نے رشتہ داروں اور پڑوس میں تلاش کے بعد مسئلہ کو فوری سعید آباد پولیس سے رجوع کردیا ۔ اس موقع پر سب انسپکٹر متیالو نے فوری حرکت میں آتے ہوئے دونوں بہنوں کی گمشدگی کی اطلاع شہر میں عام کردی ۔ اس دوران ان دونوں بہنوں کو ملک پیٹ پولیس اسٹیشن سے وابستہ سب انسپکٹر محمد نعیم نے دیکھا اور ان پر گمشدگی کا شبہ ظاہر ہونے کے بعد جب ان سے بات کی تو ان کی ذہنی حالت کا اندازہ ہوگیا ۔ سب انسپکٹر نعیم نے انہیں روک لیا اور گمشدگی کی شکایت پر توجہ دے کر سب انسپکٹر متیالو سے ربط کیا اور ان دو بہنوں کو والدین کے حوالے کردیا ۔ ان دونوں لڑکیوں کے والدین اور رشتہ داروں نے پولیس کی جانب سے کی گئی بروقت کارروائی کی ستائش کی ہے ۔