پولیس کی خاموشی سے غیرسماجی عناصر کے حوصلے بلند

نظام آباد۔28 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)شہر کے دھاروگلی میں مسجد نور کے روبرو ایک مکان میں جسم فروشی کا کاروبار چلائے جانے کے خلاف مقامی افراد نے سید قیصر کوآپشن ممبر نظام آباد میونسپل کارپوریشن کی قیادت میں IIٹائون ایس آئی محمد آصف کو شکایت حوالے کرتے ہوئے یہاں سے جسم فروشی کے اڈے کو برخواست کرنے پر زور دیا۔ وفد کی جانب سے پولیس کو پیش کردہ یادداشت میں بتایا گیا کہ کئی سال سے مسجد نور کے روبرو قدیم مکان میں جسم فروشی کا کاروبار چلایا جارہا ہے حالیہ عرصہ میں جسم فروش خواتین و لڑکیوں کی نازبیا سرگرمیوں میں بے تحاشہ اضافہ ہونے سے آس پاس کے مکینوں بالخصوص نماز کے اوقات کار میں مسجد کے مصلیوں کو ناقابل بیان تکلیف سے گذرنا پڑرہا ہے ۔ سید قیصر کے مطابق مقدس مقام کے نزد جسم فروشی کے کاروبار کے باوجود پولیس طویل عرصہ سے خاموشی اختیار کررہی ہے جس کی وجہ سے ان غیر سماجی عناصر کے حوصلہ بلند ہورہے ہیں ۔ سید قیصر نے متعلقہ پولیس سے پرُ زور مطالبہ کیا کہ مسجد کے نز د جسم فروشی کے اڈہ کو برخواست کیا جائے ۔ دھاروگلی میں واقع اس قدیم مکان میں کرایہ سے رہائش پذیر خواتین اور لڑکیاں جسم فروشی کا کاروبار کررہی ہے شام ہوتے ہی کئی علاقوں کے نوجوان یہاں رخ کرتے ہیں بسا اوقات مسجد کے روبرو انتہائی نازیبا حرکتیں کی گئی ہے جس سے مسجد کا تقدس پامال ہورہاہے اور علاقہ کے مکینوں بالخصوص خواتین کی حرمت بھی پامال ہورہی ہے ۔ محلہ کے افراد خواجہ مسعود، پاشاہ ، احد، سبحان خان ، اشرف علی ، ریاض حیدر ، رحیم اللہ ، ساجد ، اشفاق احمد ، احتشام اور دیگر نے سید قیصر کو تفصیلی طور پر واقف کرانے کے بعد ان کے ہمراہ پولیس اسٹیشن میں شکایت کی گئی پولیس نے فوری دھاوا کرتے ہوئے مکان سے چار نوجوانوں کو گرفتار کرلیا تاہم علاقہ کے عوام یہاں سے جسم فروشی کے اڈہ کو برخواست کرنے اور غیر سماجی سرگرمیاں انجام دینے والی خواتین کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ سید قیصر نے کہا کہ مقدس مقام کے نزد غیر سماجی سرگرمیوں کو وہ قطعی برداشت نہیں کریں گے ۔ انہوں نے متعلقہ پولیس سے سخت کارروائی کا پرُ زور مطالبہ کیا۔