سوشیل میڈیا پر غیر ذمہ دارانہ حرکتوں کو بے نقاب کرنے پر پولیس کا سخت نوٹ
حیدرآباد 7 مئی (سیاست نیوز) پولیس کی بدعنوانیوں اور غیر ذمہ دارانہ حرکتوں کو عوام سوشیل میڈیا کے ذریعہ بے نقاب کررہے ہیں جس سے عوام میں بیداری کا پتہ چلتا ہے۔ گزشتہ مہینے سعیدآباد پولیس اسٹیشن سے وابستہ ایک کانسٹبل اور ہوم گارڈ کی جانب سے کھلے عام رشوت خوری میں ملوث ہونے پر عوام نے اُسے ٹوئٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے بے نقاب کیا تھا جس کے نتیجہ میں کمشنر سٹی پولیس نے اُنھیں معطل کردیا۔ کچھ ہی دن بعد ایک تازہ ترین واقعہ میں ایس آر نگر کے مدورا نگر علاقہ میں ایس آر نگر پولیس اسٹیشن سے وابستہ ایک کانسٹبل سریش اور ہوم گارڈ سی ایچ چیتنیہ کی جانب سے وائن شاپ سے شراب خریدنے اور اُسے پولیس کی پٹرولنگ گاڑی میں منتقل کرنے کا ویڈیو وائرل کردیا گیا جس کے بعد سٹی پولیس سربراہ نے متعلقہ انسپکٹر کو وجہ نمائی میمو جاری کیا اور اس سلسلہ میں وضاحت طلب کی۔ کمشنر پولیس انجنی کمار نے ان دو واقعات کے منظر عام پر آنے کے نتیجہ میں برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ملازمین کے خلاف نہ صرف کارروائی کی بلکہ اُنھیں اِس قسم کی حرکتوں میں دوبارہ ملوث ہونے پر انتباہ دیا۔ اِن دو واقعات سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ عوام باشعور ہوچکے ہیں اور سرکاری محکموں سے وابستہ ملازمین کی غیرقانونی حرکتوں بالخصوص رشوت خوری کو سوشیل میڈیا کے ذریعہ عام کررہے ہیں۔ عوام میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ پولیس اپنی وردی کا بے جا استعمال کرتی ہے اور عوام کو رشوت دینے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ دونوں واقعات کا سخت نوٹ لیتے ہوئے پولیس عہدیداروں کو یہ واضح طور پر ہدایت جاری کی کہ وہ کوئی ایسا کام نہ کریں جس سے عوام میں پولیس کی ساکھ متاثر ہوتی ہو۔