پولیس کمشنر آفس کے روبرو اقدام خود سوزی

حیدرآباد۔ یکم اپریل، ( سیاست نیوز) شہر میں پولیس کی عوام دوست پالیسیوں کی عمل آوری کے باوجود برعکس اقدامات منظر عام پر آرہے ہیں۔ سائبر آباد حدود میں کل ایک اے سی پی کی معطلی کے بعد ایک اور واقعہ حیدرآباد میں پیش آیا جہاں اے سی پی کی مبینہ ہراسانی سے تنگ آکر ایک شخص نے کمشنر یٹ کے روبرو خود سوزی کا اقدام کیا۔ شاہ عنایت گنج علاقہ کے ایک شہری نے آج اپنے افراد خاندان کے ہمراہ سٹی پولیس کمشنریٹ کے دفتر بشیر باغ پہنچا اور اپنے جسم پر کیروسین ڈال کرخودکشی کی کوشش کی ۔ تاہم پولیس کمشنر آفس کے نگرانکار چوکس عملے نے اس کی کوشش کو ناکام بنادیا اور راج کمار یادو نامی اس شخص کو پولیس نے احتیاطی طور پر حراست میں لے لیا۔بتایا جاتا ہے کہ اے سی پی گوشہ محل کی مبینہ ہراسانی سے یہ شخص پریشان تھا اور اس نے اے سی پی گوشہ محل مسٹر رام بھوپال راؤ پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں کہ اراضی کے معاملہ میں 2لاکھ روپئے کا مطالبہ کیا ہے۔ جبکہ اس کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ عدالت میں زیر دوراں ہے تاہم اے سی پی نے شخصی دلچسپی لیتے ہوئے راجکمار یادو کو ہراساں و پریشاں کررہے ہیں۔ ایک طرف پولیس کی عوام دوست پالیسی اور دوسری طرف اعلیٰ عہدیداروں کی ہراسانی سے حکومت اور پولیس کی رسوائی ہورہی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق راج کمار یادو نے ڈھونگ کرتے ہوئے غیر قانونی مقبوضہ اراضی کو ہڑپنا چاہتا ہیلیکن ان الزامات کی بھی تصدیق نہیں ہوسکی۔
تاہم اس خصوص میں ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر وینکٹیشور راؤ کا کہنا ہے کہ راج کمار یادو کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اسٹیشن سے متصل اراضی کو ہڑپنے اور اس پر اپنا حق جتانے کیلئے یہ شخص کوششیں کررہا ہے جبکہ یہ اراضی پولیس کی ہے اور پولیس قانونی دائرہ کار میں اقدامات کرے گی اور اختیارات کا استعمال کرے گی۔ انہوں نے پولیس پر الزامات کو بے بنیاد قرار دیا اور بتایا کہ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔