پولیس کانسٹبل پر رکن اسمبلی راجہ سنگھ کا حملہ

حیدرآباد ۔ 2 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ناچ گانے میں خلل پیدا کرنا اور اسے بند کروانا ایک پولیس کانسٹبل کے لیے مہنگا ثابت ہوگیا ۔ جہاں رکن اسمبلی راجہ سنگھ ( گوشہ محل ) نے کانسٹبل پر حملہ کرتے ہوئے اسے شدید زخمی کردیا ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ اور پولیس کے حلقوں میں تشویش پیدا ہوگئی ۔ ڈیوٹی کی انجام دہی کے دوران کانسٹبل پر حملہ اور بدسلوکی کے علاوہ جان سے مار دینے کی مبینہ دھمکیاں پولیس میں بے چینی کا سبب بن گئیں ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ کل رات دیر گئے منگل ہاٹ پولیس اسٹیشن حدود میں ایک تقریب جاری تھی جس میں ڈی جے ساونڈ سسٹم کا استعمال جاری تھا ۔ اس ساونڈ سسٹم سے پریشانی کا شکار شہریوں نے پولیس کے ڈائیل 100 سے شکایت کی جس پر منگل ہاٹ پولیس نے یہ ہدایت اس مقام پر پہنچ کر ساونڈ سسٹم کو بند کرنے کے لیے کہا ۔ تاہم کچھ دیر بعد دوبارہ ناچ گانہ شروع ہوگیا ۔ ایک بار پھر شکایت پر اس تقریب کے مقام پر کانسٹبل چندر شیکھر پہونچا اور اس نے خود ساونڈ سسٹم کو بند کردیا ۔ تقریب کے ذمہ داران نے رکن اسمبلی کو اطلاع دی جس پر برہم راجہ سنگھ نے کانسٹبل چندر شیکھر پر حملہ کردیا اور بدسلوکی کی۔ کانسٹبل کو عثمانیہ ہاسپٹل منتقل کیا گیا اور ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔