خاطی پولیس ہیڈ کانسٹبل معطل ، سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /16 اگست (سیاست نیوز) یاقوت پورہ بڑا بازار علاقے میں پیش آئے ایک المناک سڑک حادثہ میں پولیس پیٹرولنگ کار کی ٹکر سے جی ایچ ایم سی کی خاتون جاروب کش برسرموقعہ ہلاک ہوگئی ۔کمشنر پولیس حیدرآباد نے خاطی پولیس ہیڈکانسٹبل کو معطل کرتے ہوئے انسپکٹر رین بازار کو چارج میمو جاری کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 58 سالہ سائی اماں ساکن سنگارینی کالونی سعیدآباد ضلع نلگنڈہ کی متوطن تھیں اور وہ گزشتہ 25 سال سے جی ایچ ایم سی میں جاروب کش کی حیثیت سے ملازمت کررہی تھی ۔ آج صبح وہ اپنے مکان سے روانہ ہوکر رین بازار پہونچی اور بڑا بازار چوراہے پر صفائی کے کام میں مصروف تھی کہ تیز رفتار پولیس پٹرولنگ کار نے اسے ٹکر دیدی ۔ اس حادثہ میں وہ برسرموقعہ ہلاک ہوگئی اور اس واقعہ کے بعد علاقے میں ہلکی سی کشیدگی پیدا ہوگئی چونکہ دیگر خاتون جاروب کش وہاں جمع ہوگئے اور خاطی پولیس عملے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ اس حادثہ کا پتہ چلنے پر رین بازار پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہونچ گئی اور تحقیقات کے دوران یہ معلوم ہوا ہے کہ اسی اسٹیشن سے وابستہ پیٹرو لنگ کار II کا ڈرائیور ہوم گارڈ راجو چائے پینے کیلئے ہوٹل گیا ہوا تھا جبکہ پٹرول کی ڈیوٹی پر موجود ہیڈکانسٹبل اشوک نے ڈرائیور کے بغیر اطلاع کے گاڑی چالو کی اور تیز رفتاری سے چلنے لگا ۔ اشوک نے پیٹرولنگ کار کو بے راہ روی سے چلاتے ہوئے صفائی میں مصروف خاتون جاروب کش سائی اماں کو روند دیا ۔ اس حادثہ میں خاتون جاروب کش کے سر پر گہرا زخم آیا جس کے نتیجہ میں وہ برسرموقع ہلاک ہوگئی ۔ پولیس نے بڑا بازار علاقہ میں نصب کئے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کی جس میں حادثے کا منظر بھی ریکارڈ ہوا ۔ جس سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ہیڈکانسٹبل اشوک لاپرواہی سے گاڑی چلاتے ہوئے سائی اماں کو ٹکر دیدی ۔ رین بازار پولیس نے اپنے ہی ہیڈکانسٹبل کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا ۔حادثہ میں خاتون جاروب کش ہلاک ہونے کی اطلاع پر جی ایچ ایم سی زونل کمشنر مسٹر روی کرن جائے حادثہ پر پہونچ کر وہاں کا معائنہ کیا اور متوفی کے ورثہ کو جی ایچ ایم سی میں ملازمت ، ڈبل بیڈروم فلیٹ اور ایکس گریشیا بھی فراہم کرنے کا اعلان کیا ۔ سائی اماں کی نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خاتون منتقل کردیا اور بعد پوسٹ مارٹم ورثہ کے حوالے کردیا گیا ۔