پولیس پٹرولنگ ویان سے ٹیاب کا سرقہ

سی سی کیمروں کے ذریعہ سارقین کا پتہ لگانے کی کوشش
حیدرآباد ۔ /5 اگست (سیاست نیوز) جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن سے وابستہ پولیس پٹرولنگ ویان سے نامعلوم افراد نے پولیس ٹیاب کا سرقہ کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ رحمت نگر آوٹ پوسٹ سے وابستہ پولیس کانسٹبل ایس سریکانت پیٹرو کار II- سے وابستہ ہے اور آج یوسف گوڑہ علاقے میں کچھ واقعہ پیش آنے کے نتیجہ میں وہ وہاں پر پہونچا تھا اور علاقے کی ٹریفک کو بحال کرنے لگا ۔ کچھ ہی دیر میں نامعلوم افراد نے پٹرولنگ کار میں موجود سیمسینگ گیالکسی ٹیاب کا سرقہ کرلیا ۔ کانسٹبل نے مسروقہ ٹیاب تلاش کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہا ۔ جوبلی ہلز پولیس نے سرقہ کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ سارقین کا پتہ لگانے کی کوشش شروع کردی ۔ واضح رہے کہ پولیس پٹرولنگ گاڑیوں کو تلنگانہ پولیس کی جانب سے ٹیابس فراہم کئے گئے جس کے ذریعہ وہ فی الفور اطلاعات اپنے اعلیٰ عہدیداروں کو فراہم کرسکتے ہیں ۔