پولیس پر حملہ میں ملوث بروکر گرفتار

حیدرآباد ۔ یکم ؍ جولائی (سیاست نیوز) ویسٹ زون پولیس نے 22 جون کو پیش آئے پولیس کانسٹیبلس کے حملے واقعہ میں ملوث قحبہ گری کے دلال کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہیکہ پلے سدھاکر ریڈی ساکن درگالما اپارٹمنٹ یوسف گوڑہ جس کا تعلق بی بی نگر ضلع نلگنڈہ سے ہے، ویسٹ زون پولیس کے دو کانسٹیبلس جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن سے وابستہ کونڈا ریڈی اور پی انجینیلو پر اس وقت قاتلانہ حملہ کردیا تھا جب دونوں کانسٹیبلس قحبہ گری کے اڈہ پر پہنچ کر معلومات حاصل کررہے تھے۔ بتایا جاتا ہیکہ مذکورہ پولیس کانسٹیبلس کے اچانک قحبہ گری کے اڈہ پر پہنچنے سے سدھاکر ریڈی خوفزدہ ہوگیا تھا اور اس نے اچانک فلیٹ میں موجود چاقو سے دونوں کانسٹیبلس پر حملہ کرکے وہاں پر موجود لڑکیوں کے ساتھ فرار ہوگیا۔ دلال کی گرفتاری کیلئے ویسٹ زون پولیس نے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس بنجارہ ہلز مسٹر ایم مہیش ریڈی کی قیادت میں ایک ٹیم قائم کی تھی اور کل شام اسے کرشناکانت پارک واقع یوسف گوڑہ میں گرفتار کرلیا گیا۔