پولیس عہدیداروں پر ڈسپلن شکنی کا الزام

عنقریب انسپکٹر اور سب انسپکٹر کے خلاف کارروائی ، تحقیقات کا آغاز
حیدرآباد /18 اپریل ( سیاست نیوز ) سیاسی اشاروں پر اخبارات کا بے جا استعمال کرنا ایک انسپکٹر پولیس کیلئے مہنگا ثابت ہوگیا اور اعلی عہدیداروں نے انسپکٹر کے ہمراہ ایک سب انسپکٹر پر الزامات کا جائزہ لینے کا آغاز کردیا ہے ۔ ڈسپلین شکنی پر سخت کارروائی کیلئے مشہور رچہ کنڈہ کمشنر مسٹر مہیش بھگوت امکان ہے کہ بہت جلد ان عہدیداروںکے خلاف کارروائی کریں گے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق اسٹیٹ کمشنر آف پولیس کو ان الزامات کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ونستھلی پورم پولیس انسپکٹر مسٹر مرلی کرشنا اور اس پولیس اسٹیشن سے وابستہ سب انسپکٹر رویندر ریڈی پر سنگین الزامات پائے جاتے ہیں کہ انہو ںنے فینانسروں کی مبینہ مدد کرتے ہوئے ایک جوڑے کو کافی ہراساں کیا اور جبراً اپنے اختیارات کا بے جا استعمال کرتے ہوئے اس جوڑے سے تحریری ثبوت حاصل کرنے اور تنازعہ کی 14 لاکھ روپئے میں یکسوئی پولیس اسٹیشن میں کی ۔ اس جوڑے نے الزامات لگائے ہیں کہ اراضی کے دستاویزات کو فینانسرس کے حوالے کرنا نہیں چاہئے اور دوگنی رقم ادا کرنے کے باوجود پولیس کی مدد سے مزید 13 لاکھ روپئے میں معاملہ طئے پایا ہے۔