سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور جدید آلات جرائم پر قابو پانے کیلئے سود مند: پولیس کمشنر
حیدرآباد۔ /12مارچ، ( سیاست نیوز) شہری عوام کو پرسکون زندگی اور شہر میں پرامن ماحول پیدا کرنے شہر کو ایک محفوظ مقام کی طرز پر تشکیل دینے کے عملی اقدامات کا آغاز ہوچکا ہے۔ پولیس کی عوام دوست پالیسیوں پر عمل آوری کے ساتھ ساتھ اب پولیس کو جدید ٹکنالوجی اور عصری آلات سے مربوط کرنے کیلئے درکار رقمی ضرورت کو حکومت نے بجٹ میں مختص کردیا ہے۔ حیدرآباد و سائبر آباد کے پولیس کمشنریٹ کے علاوہ بنیادی ضرورتوں و سہولیات والے دو اہم محکمہ جات بلدیہ اور آبرسانی کیلئے بھی بجٹ میں بڑے پیمانے پر اہمیت دی گئی ہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب ، عصری و جدید آلات ، جرائم پر قابو پانے کیلئے جرائم پیشہ افراد پر کنٹرول کے ساتھ ساتھ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور بالخصوص خواتین کے تحفظ پر خصوصی توجہ اور انہیں خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے حیدرآباد، سائبرآباد پولیس کمشنریٹ کے علاوہ بلدیہ اور واٹر ورکس کیلئے مختص کردہ رقم کو محکمہ کے ذمہ دار عہدیدار تاریخی الاٹمنٹ تصور کرتے ہیں اور اس بجٹ کو ایک مثالی بجٹ کے علاوہ تاریخی اہمیت کا حامل بجٹ قرار دے رہے ہیں۔ ان محکمہ جات کے ذمہ داروں کا ماننا ہے کہ حکومت نے جو ان سے امید و توقع لگا رکھی ہے بجٹ ان کی خدمات اور سرکاری منصوبہ پر کامیابی کی مثال بنے گا۔ حیدرآباد پولیس کمشنریٹ حدود کیلئے ریاست تلنگانہ کی حکومت نے خاص توجہ مرکوز کی ہے۔ شہر میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو بجٹ میں خاص اہمیت دی گئی ہے اور68.59 کروڑ روپئے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ حیدرآباد پولیس کمشنریٹ کیلئے پلان بجٹ کے تحت 150کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ اس خصوص میں سٹی پولیس کمشنر مسٹر مہیندر ریڈی کا کہنا ہے کہ گزشتہ بجٹ کے مقابلہ میں اس مرتبہ کافی اہمیت دی گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے مختص کردہ بجٹ اور منصوبوں پر عمل کرتے ہوئے شہر کو عالمی طرز کے شہر کی طرح تشکیل دیا جائے گا اور منصوبوں کو پورا کرتے ہوئے وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک پولیسنگ میں تبدیلی کا آغاز ہوچکا ہے اور درکار سہولیات اور عصری آلات و عملی اقدامات کیلئے درکار رقمی رکاوٹ بھی دور ہوگئی ہے اور اب یقینی طور پر شہر کی تصویر کو بدلنے اور ایک محفوظ مقام کی طرح تشکیل دینے میں بجٹ کافی مددگار ثابت ہوگا۔ اس سال بجٹ میں ٹریفک شعبہ کیلئے 21.41کروڑ ، پولیس اسٹیشنوں کی جدید کاری کیلئے 20کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ سائبر آباد پولیس کمشنر مسٹر سی وی آنند کا کہنا ہے کہ بجٹ منصوبوں کی عمل آوری کیلئے مددگار ثابت ہوگا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ وہ بہت جلد شہر کو کارپوریٹ طرز کے شہر میں تشکیل دیں گے۔ اس سال سائبر آباد پولیس کے لئے 70 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں جس میں سی سی ٹی وی کیمروں کیلئے 24.41کروڑ مختص کئے گئے ہیں۔ خواتین کا تحفظ، شہر میں حفاظتی انتظامات اور اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے حکومت نے کافی اہمیت دی ہے۔ سائبر آباد کمشنر کا کہنا ہے کہ وہ بہتر انتظامات و اقدامات کے ذریعہ سائبر آباد پولیسنگ کی پالیسی کو بدل دیں گے اور شہر کو محفوظ مقام بنانے کے اقدامات پر عمل کریں گے۔ حکومت نے بجٹ کیلئے 628.39 کروڑ اور واٹر بورڈ کیلئے 1010 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ ان محکموں کے سربراہان کا کہنا ہے کہ یہ ایک مثالی اور تاریخی بجٹ ہے جس کے ذریعہ شہر کو عالمی طرز کے معیاری شہر کی طرح ترقی دی جائے گی۔