دوبئی۔ 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بحرین میں گزشتہ سال بم حملوں کے ذریعہ پولیس عہدیداروں کو ہلاک کرنے کی کوشش کرنے والے 29 افراد کو پانچ سال سزائے قید تا عمر قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔ ہائی کریمنل کورٹ نے دو ملزمین کی شہریت بھی منسوخ کردی ہے۔ دہشت گردانہ جرائم کے استغاثہ و سربراہ احمد الحمدی کے ذریعہ دیئے گئے اس بیان کو بی این اے نیوز ایجنسی نے بھی شائع کیا ہے۔ مسٹر حمدینے کہا کہ سزائیں پولیس عہدیداروں کو قتل کرنے، دھماکو اشیاء اور ہتھیار رکھنے، شرپسندی کے علاوہ دھماکو اشیاء کا حصول اور سربراہی کی بنیاد پر تفویض کی گئی ہیں۔ مذکورہ ملزمین کو دہشت گردانہ حملوں کے لئے تربیت فراہم کرنے کا مجرم بھی قرار دیا گیا ہے۔ گزشتہ 19 ڈسمبر کو ایک شیعہ موضع میں بم دھماکہ کئے گئے تھے جس میں تین پولیس اہلکار معمولی طور پر زخمی ہوئے تھے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ سنی مسلمانوں کی حکمرانی والے بحرین میں جو مغرب کا حلیف ملک ہے، پولیس اہلکاروں پر حملے ایک عام بات ہے۔