پولیس اسٹیشن میں میاں بیوی کی کونسلنگ کے دوران خونریزی

شوہر کا بیوی کے بشمول پانچ افراد پر قاتلانہ حملہ ، ظالم شوہر مفرور
حیدرآباد /18 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) میاں بیوی کے درمیان گھریلو تنازعہ اور جھگڑا خونریزی کا سبب بن گیا ۔ بیوی کی پولیس میں شکایت اور کونسلنگ پر طلبی سے برہم شخص نے بشمول بیوی 5 افراد پر قاتلانہ حملہ کردیا اور راست پولیس اسٹیشن کے کونسلنگ سنٹر میں پیش آئی ۔ سنسنی خیز واردات سے پولیس اسٹیشن کا عملہ بھی خوف کا شکار ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بیگم پیٹ پولیس اسٹیشن کے قریب میں یہ واردات پیش آئی ۔ جہاں رحمن نامی شخص نے اس کی بیوی اور سسرالی رشتہ داروں پر حملہ کرتے ہوئے انہیں شدید زخمی کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ رحمن کی بیوی کوثر اپنے مائیکے والوں کے ساتھ بیگم پیٹ پولیس اسٹیشن پہونچی اور اس دوران اس کے شوہر رحمان کو بھی طلب کیا گیا ۔ کونسلنگ کے بعد وقفہ دیاگیا اور اس دوران رحمن نے ہتھیار فراہم کرلیا اور بیوی کے اس کے رشتہ داروں پر درانتی سے حملہ کردیا اور فرار اختیار کرلی ۔ زخمی رشتہ داروں کو پولیس نے ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے ۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس بیگم پیٹ مسٹر رام ریڈی نے بتایا کہ کوثر بیگم اپنے رشتہ داروں کے ساتھ بیگم پیٹ لاء اینڈ آرڈر پولیس اسٹیشن پہونچی تھی ۔ اس دوران سید رحمن بھی پہونچ گیا اور کیس میں بات چیت کرنے کے تیقن دیکر دونوں باہر چلے گئے اور اس نے حملہ کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کوثر بیگم گذشتہ 8 ماہ سے رسول پورہ میں واقعہ اپنے مائیکے کے مکان میں تھی ۔ جبکہ رحمن اپنے مکان الوال میں تھا ۔ آج وہ بیوی اور بچوں کو گھر لے جانے آیا تھا ۔ کوثر بھی ملازمت کرتی تھی ۔ ان کے دو بچے ہیں 2017 سے ان کے درمیان لڑائی جھگڑے چل رہے تھے ۔ پولیس نے اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔