پولنگ اور تشدد کے خلاف ووٹرس نے سیاہ پرچم لہرائے

دنڈیگل۔ 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ندوپٹی اور کریام پٹی مواضعات کے عوام نے آج اپنے مکانات کی چھتوں پر شیڈولڈ کاسٹ اور ونیاروں کے درمیان اختلافات کی وجہ سے تشدد کے واقعات کی روک تھام کیلئے بطور احتجاج سیاہ پرچم لہرائے۔ پُرتشدد واقعات اس وقت رونما ہوئے جب شیڈولڈ کاسٹ سے تعلق رکھنے والے کچھ نوجوانوں نے ونیار طبقہ کی خواتین کے ساتھ چھیڑچھاڑ کی۔ یہی نہیں بلکہ دونوں ہی فرقوں کے درمیان دو مواضعات میں ایک ہی بیت الخلاء کے استعمال کو لیکر بھی تشدد کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 10.30 بجے صبح تک مواضعات کے کسی بھی ووٹر نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال نہیں کیا اور مطالبہ کیا کہ ان کے خلاف جو بھی معاملات درج کئے گئے ہیں ان سے فوری طور پر دستبرداری اختیار کی جائے۔ ندوپٹی موضع میں 50 افراد اور کریام پٹی موضع میں 37 افراد کے خلاف تشدد برپا کرنے پر معاملات درج کئے گئے ہیں۔

شیوسینا ۔ ایم این ایس ورکرس میں جھڑپ، کانسٹبل زخمی
ممبئی ۔ 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایم این ایس اور شیوسینا ورکرس کے درمیان ہوئی انتخابی جھڑپوں میں ایک پولیس کانسٹبل زخمی ہوگیا۔ دونوں پارٹیوں کے حامیوں نے ایک دوسرے پر الزام عائد کیا کہ مضافاتی علاقہ ٹرامبے میں ووٹرس کو نقد رقم تقسیم کی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ شیوسینا کے 18 ورکرس بشمول امیدوار راہول شیوالے کی اہلیہ کامنی کے خلاف ٹرامبے پولیس اسٹیشن میں تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت معاملات درج کئے گئے۔ سینئر انسپکٹر وجے کدم نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں شیوسینا کے دو ورکرس کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کانسٹیبل وکاس تھورولے اس وقت علاقہ کی گشت پر تھا کہ اسے اچانک اطلاع ملی کہ شیوسینا اور ایم این ایس ورکرس کے دوران بحث و تکرار ہورہی ہے جہاں وہ ایک دوسرے پر الزام عائد کررہے تھے کہ انہوں نے حلقہ رائے دہی میں ووٹرس کو نقد رقم تقسیم کی۔ کانسٹیبل تھورولے کو کچھ لوگوں نے ہاکی اسٹکس سے زدوکوب کیا۔