پولارڈ کو ورلڈ کپ کی ویسٹ انڈیز ٹیم میں واپسی کی امید

ممبئی۔12 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈرکیرن پولارڈ کو ویسٹ انڈیز کرکٹ میں انتظامی تبدیلیوں کے بعد امید ہے کہ انہیں بھی ویسٹ انڈیز اسکواڈ میں منتخب کرلیا جائے گا کیونکہ انہوں نے موقع ملنے پر ہمیشہ ہی بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز کو کنگز الیون پنجاب کیخلاف فتح دلانے والے پولارڈ سے جب یہ سوال کیا گیا کہ کیا انہیں رواں ماہ کے دوران ورلڈ کپ اسکواڈ میں شمولیت کی کوئی امید ہے تو ان کا فوری جواب تھا کہ کچھ بھی ممکن ہے۔ جب بھی انہیں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کا موقع ملا انہوں نے اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کی اور اب بھی وہ ایسا ہی کرنا چاہتے ہیں۔ پولارڈ نے کہا کہ ان کی عمر ابھی 31 برس ہے اور جب 39 سالہ کرس گیل کامیابی سے کھیل سکتے ہیں تو انہیں کیا مسئلہ ہو سکتا ہے تاہم انہیں منتخب کرنے کا اختیار ان افراد کے پاس ہے جو ویسٹ انڈیز کرکٹ کو چلا رہے ہیں۔