کنگسٹن۔7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)کیریبیئن پریمیئر لیگ انتظامیہ نے شائقین کی جانب سے سوشل میڈیا پر احتجاج کے بعد بارباڈوس ٹرائیڈینٹس کے کیرون پولارڈ کا مبینہ دانستہ ’ نوبال ‘ کی تحقیق کا اعلان کردیا۔یہ اقدام ’ فیئر پلے اور اچھی اسپورٹس مین اسپرٹ‘ کے پیش نظر کیا جارہا ہے۔ سینٹ کٹس اینڈ نیواس پیٹریاٹس کے اوپنر ایون لوئس 32 گیندوں پر 97 رنز بنا چکے تھے۔اس موقع پر ٹیم نے اسکور برابر کردیا،اسٹرائیک پر موجود لوئس چوکا لگاکر سنچری مکمل کرسکتے تھے تاہم پولارڈ کی نوبال سے ملنے والے ایک رن سے حریف ٹیم 10 وکٹ سے فتح یاب ہوگئی اور اس طرح لوئس سنچری مکمل نہیں کرپائے جس پرشائقین نے احتجاج اور ٹی وی پرکمنٹری کرنے والے ڈینی موریسن نے بھی مایوسی کا اظہار کیا۔ اب ایونٹ انتظامیہ نے پولارڈ کا نوبال جانچنے کا اعلان کردیا ہے۔