پوسٹ میٹرک بوائز ہاسٹل کی عمارت کیلئے اقدامات

نظام آباد 27 فروری (فیاکس) ڈاکٹر ایس اے شکور منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی مالیاتی کارپوریشن نے سرکاری پوسٹ میٹرک ہاسپٹل (بوائز) برائے اقلیتی طلباء نظام آباد کا معائنہ کیا۔ مذکورہ ہاسپٹل ضلع نظام آباد کے ہونہار طلباء جوکہ غریب طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں کیلئے ریاستی حکومت نے گزشتہ پانچ سال قبل شہر نظام آباد کے احمدی بازار میں موجود اقبال کامپلکس میں قائم کیا تھا۔ اس ہاسٹل میں 50 طلباء کے قیام کی گنجائش ہے۔ اس ہاسٹل میں انجینئرنگ، گریجویشن، نرسنگ، انٹرمیڈیٹ میں زیرتعلیم طلباء جن کا تعلق ضلع کے مختلف دیہاتوں سے ہے مقیم ہیں۔ ڈاکٹر ایس اے شکور نے طلباء کے حاضری رجسٹر کی جانچ کی۔ ہاسٹل ویلفیر آفیسر سید احمد بخاری نے پروفیسر ایس اے شکور کو بتایا کہ ہاسٹل کی ذاتی عمارت نہیں ہے۔ اُنھوں نے ہاسٹل میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کی طرف توجہ دلائی اور بتایا کہ گزشتہ پانچ برسوں سے طلباء فرش پر سونے پر مجبور ہیں۔ ہاسٹل میں لائبریری نہیں ہے۔ الماری، اسٹڈی ٹیبل، کرسیاں نہیں ہیں۔ ڈاکٹر ایس اے شکور نے بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے اقدامات کرنے کا تیقن دیا اور کہاکہ اس سلسلہ میں تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔ اُنھوں نے ہاسٹل کیلئے ذاتی عمارت کی تعمیر کیلئے ممکنہ اقدامات کرنے کا بھی تیقن دیا۔ ایس اے شکور نے طلباء کو نظم و ضبط کی پابندی کے علاوہ سخت محنت سے تعلیم حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔ طلباء نے بتایا کہ ہاسٹل میں صفائی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ پینے کیلئے شفاف پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ ہاسٹل آفیسر احمد بخاری نے اپنے طور پر اُردو اخبارات کا بھی انتظام کیا ہے۔ طلباء نے میس چارجیس کی بروقت عدم اجرائی سے پیش آنے والی مشکلات سے ڈائرکٹر موصوف کو واقف کروایا جس پر اُنھوں نے کہاکہ طلباء کو عنقریب میس چارجیس ادا کئے جائیں گے۔ رقم طلباء کے کھاتوں میں محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے جمع کی جائے گی۔ اس موقع پر ایم اے باری منیجر اُردو اکیڈیمی سنٹر نظام آباد، ہاسٹل اسٹاف میں ولی اللہ حسینی، محمد نعیم کے علاوہ دوسرے افراد بھی موجود تھے۔