نظا م آباد :4؍ جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)شجرکاری کے ذریعہ ہی سرسبز و شاداب بنایا جاسکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار وزیر زراعت مسٹر پوچارام سرینواس ریڈی نے کہا۔ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ونائیک نگر میں منعقدہ شجرکاری پروگرام میں حصہ لیا ۔ اس موقع پر رکن پارلیمان کے کویتا، ضلع پریشد چیرمین دفعدار راجو، رکن اسمبلی نظام آباد اربن گنیش گپتا، مئیر آکولہ سجاتا، رکن اسمبلی نظام آباد رورل باجی ریڈی گوردھن، ضلع کلکٹر رونالڈروس، ضلع ایس پی چندر شیکھر ریڈی کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔ قبل از ان قائدین نے آریہ نگر ہائوزنگ بورڈ میں واقع شہیدان تلنگانہ کی یادگار پر خراج عقیدت پیش کی اور ہریتا ہرم پروگرام کا آغاز کیا۔ بائی پاس سڑک کے دونوں جانب شجرکاری کرتے ہوئے وزیر زراعت مسٹر پوچارام سرینواس ریڈی ضلع میں پروگرام کا آغاز کیا اور اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے تین سالوں میں ریاست بھر میں 230 کروڑ پودوں کی افزائش کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے شہروں، دیہاتوں، منڈل سطح پر 130 کروڑ پودوں کی شجرکاری اور جنگلوں میں 100 کروڑ پودوں کی شجرکاری کے لئے حکومت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے۔ جس طرح ماں اپنے بچوں کی دیکھ بھال کرتی ہے اسی طرح پودوں کی دیکھ بھال کرتے ہوئے اس کی حفاظت کی خواہش کی۔ ضلع میں پودوں کی افزائش کے لئے 411 نرسریوں میں 3 کروڑ54لاکھ پودوں کی افزائش کی گئی ۔ ہریتا ہرم کے تحت ضلع کے لئے160 کروڑ روپئے مختص کیا گیا ہے۔ آنے والے تین سالوں میں 10 کروڑ پودوں کی افزائش کی جائے گی۔ اور 74 اقسام کے پودے حکومت کی جانب سے مفت تقسیم کئے جارہے ہیں۔ شہر میں 6لاکھ پودوں کی شجرکاری کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ مسٹر پوچارام سرینواس ریڈی نے ہر شہر ی سے خواہش کی کہ ہر شخص اس پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے پروگرام کو کامیاب بناتے ہوئے ماحولیات کو قابو میں لانے کے لئے حصہ دار بنیں۔ شہر کے 50 ڈیویژنوں میں ہر مکان میں 4 پودے کی شجرکاری کرنے کی صورت میں ہر کارپوریٹر کی جانب سے 40 ہزار پودے لگائے جاسکتے ہیںاور شجرکاری کے بعد اس کے تحفظ کے لئے اقدامات کریں۔ بالخصوص خواتین اپنے مکانوں کے روبرو شجرکاری کرنے اور شجرکاری کے بعد میونسپل کارپوریشن کے عہدیدار اس کے تحفظ کے لئے اقدامات کریں۔ تین سالوں میں شہر سرسبز و شاداب ہوجائے گا۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ کے کویتا نے کہا کہ تلنگانہ کے قیام کے لئے جس طرح تحریک چلائی گئی اسی طرح ہریتا ہرم پروگرام کو تحریک کی طرح چلاتے ہوئے کامیاب بنائیں اور شہر میں شجرکاری بڑے پیمانے پر کریںاور خواتین اپنے بچوں کو اس خصوص میں تربیت دینے کی خواہش کی۔ بعدازاں ضلع پریشد کے علاقہ میں شجرکاری پروگرام میں رکن پارلیمنٹ کے کویتا کے ہاتھوں انجام دیا گیا۔ ایم ایل سیزڈی راجیشور، وی جی گوڑ، کمشنر میونسپل کارپوریشن وینکٹیشورلو، ضلع پریشد نائب صدر سومنا ریڈی کے علاوہ کارپوریٹرس، قائدین نے شرکت کی۔