پوجا اوررضوی کو گولڈ میڈل، مردوں کی کلین سویپ

نئی دہلی۔ یکم نومبر(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی حنا سدھو کے بعد برسبین میں جاری کامن ویلتھ نشانے بازی چمپئن شپ کے دوسرے دن پوجا گھاٹکر نے خواتین کے 10میٹر ایئر رائفل مقابلے میں ملک کو گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ مردوں کے10 میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں ہندوستانی نشانے بازوں نے تینوں میڈل اپنے نام کئے۔آسٹریلیا کے برسبین میں جاری نشانے بازی چمپئن شپ میں ہندوستان کے مردو وخواتین نشانے بازوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مردوں کے10 میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں شاہ زر رضوی نے گولڈ میڈل، اومکار سنگھ نے سلور اورجیتو رائے نے برونزمیڈل پر قبضہ کرکے کلین سویپ کرلی۔ وہیں خواتین کے 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں ہندوستانی نشانے بازوں نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پوجا نے فائنل میں249.8 کے کا اسکور کے ساتھ گولڈ میڈل پر جبکہ ہم وطن انجم مدگل نے 248.7 کے اسکور کے ساتھ سلور میڈل پر نشانہ لگایا۔اس سے پہلے اسٹارخاتون نشانے باز حنا سدھو نے پہلے دن گولڈ میڈل پر قبضہ کیا تھا۔خاتون اسکیٹ مقابلے میں ہندوستان کی رشمی راٹھور نے چھ خواتین کے فائنل میں 65 کے اسکور کے ساتھ کوالیفائی کیا تھا لیکن وہ فائنل میں چھٹے نمبر پر رہیں۔ دو دیگر ہندوستانیوں میں مہیشوری چوہان اور ثانیہ شیخ دونوں فائنل کے لئے کوالیفائی نہیں کرسکیں۔