پن نمبر سے آن لائین سرقہ عروج پر ATM

معصوم افراد دھوکہ دہی کے شکار ، ہزاروں روپئے سے محروم ، نامعلوم فون کالس سے چوکسی ضروری
یلاریڈی /12 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) زمانہ جتنا تیزی کے ساتھ ترقی کی سمت رواں دواں ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ فریب ، دھوکہ دہی بھی تیزی کے ساتھ ترقی کر رہی ہے ۔ ترقی یافتہ زمانہ میں دھوکہ بھی مکمل ٹکنالوجی کے ذریعہ انجام دیا جارہا ہے ۔اس کی مثالیں ایسی سامنے آئی ہیں جس سے ہر فرد کو درس لینا ضروری ہوگا ۔ منڈل تاڑوائی کے برہماجی واڑی علاقہ سے تعلق رکھنے والا درشن کو صبح دس بجے 7762817532 نمبر سے فون آیا ۔ جس میں فریبی نے کہا کہ آپ کا اے ٹی ایم پن نمبر لاک ہوگیا ہے ۔ پن نمبر کے ساتھ کھاتہ نمبر بتائیں تو ATM کارڈ بحال کردیں گے ۔ جس کو یقین جان کر درشن نے اپنا کھاتہ نمبر اور پن نمبر دے دیا ۔ تھوڑی دیر بعد شک آنے پر قریب کے آندھرا بینک جاکر اسٹیٹمنٹ دیکھنے پر پتہ چلاکہ رقم ڈرا کرلی گئی ہے ۔ ایک ہی دن میں 60 روپئے ، 122 روپئے ، 300 روپئے 1500 روپئے 1010 روپئے اور 4999 روپئے ڈرا کرلئے گئے ۔ درشن نے پولیس میں شکایت درج کروائی اور بینک منیجر سے شکایت کی ۔ فون نمبر کے ثبوت سے رقم دلانے کا مطالبہ کر رہا ہے ۔ بالکل اسی طرح یلاریڈی مستقر کے محمد عبدالحفیظ موظف محکمہ حیوانات دواخانہ کو بھی ایک فون آیا اور پن نمبر طلب کرنے پر اسے حفیظ بھائی نے دے دیا ۔ تھوڑی دیر میں ہی 49000 روپئے ڈرا کرنے کا مسیج فون پر آتے ہی فوری بینک کا رخ کیا جس پر پتہ چلاکہ آیا ہوا فون فریبی تھا ۔ انہوں نے پولیس میں شکایت درج کروائی ۔ اس لئے دور جدید میں ایسے فون کالس سے چوکس رہنے کی ضرورت ہے ۔ فریبی نت نئے طریقے ٹھگنے کے تلاش کر رہے ہیں ۔ بس ہماری چوکسی ہی ہماری محافظ ہے ۔ کسی بھی معلومات و جانکاری طلب کرنے کے اگر فون کالس آئیں تو معلومات فراہم نہ کریں بہتر ہوگا ۔