نئی دہلی 14 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج پنڈت جواہر لعل نہرو کی 125 ویں یوم پیدائش تقریب پر انہیں یاد کرتے ہوئے کہا کہ جنگ آزادی کے دوران ان کی کوششیں اور بحیثیت اولین وزیر اعظم ہندوستان ان کا کردار یادگار ہیں۔ مودی نے کہا کہ آج ہم پنڈت نہرو کی جدوجہد آزادی میں کوششوں اور اولین وزیراعظم ہندوستان کی حیثیت سے ان کی یاد منارہے ہیں۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مودی نے کانگریس پر الزام عائد کیا کہ وہ پنڈت نہرو کو نظر انداز کررہی ہے اور جنگ آزادی میں ان کے ورثے کا استعمال کررہی ہے۔ علاوہ ازیں دیگر مجاہدین آزادی جیسے مہاتما گاندھی اور سردار پٹیل کے ورثے کا بھی استحصال کررہی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے حال ہی میں پنڈت نہرو کی 125 ویں یوم پیدائش تقریب منانے کیلئے ایک سرکاری کمیٹی قائم کی ہیں لیکن نہرو / گاندھی خاندان کا کوئی بھی فرد اس کا رکن بنایا نہیں گیا ہے حالانکہ تین کانگریس قائدین اس کے ارکان ہیں۔ مودی نے واضح کردیا ہے کہ پنڈت نہرو کی یوم پیدائش تقریب بڑے پیمانے پر پمنائی جائے گی ۔