پنچایت انتخابات میں عوام کی شرکت کی اُمید چیف منسٹر جموںو کشمیر محبوبہ مفتی کی توقع

جموں ۔26 ڈسمبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر جموںو کشمیر محبوبہ مفتی نے آج اُمید ظاہر کی کہ ریاستی عوام پرچہ جات رائے دہی کو منتخب کریں گے گولیوں کو نہیں ۔ جموں و کشمیر میں پنچایت انتخابات آئندہ سال فبروری میں مقرر ہیں۔ گورنر این این ووہرا کے ساتھ کل اپنی ملاقات کے دوران انھوں نے حکومت کے فیصلے سے اُن کو واقف کروایا کہ حکومت 15 فبروری کو پنچایت انتخابات منعقد کرنا چاہتی ہے ۔ انھیں ان انتخابات کا اعلان کرتے ہوئے انتہائی خوشی ہوگی کیونکہ عوام پنچایت انتخابات کے ایک عرصہ سے منتظر ہیںاور بیالٹس کو بُلٹس پر ترجیح دیں گے ۔ پنچایت انتخابات گزشتہ سال مقرر تھے لیکن حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی 8 جولائی کو ہلاکت کے بعد پیدا ہونے والی بیچینی جس میں 86 افراد تشدد کے دوران ہلاک ہوئے ، انتخابات ملتوی کردیئے گئے تھے ۔ سرینگر پارلیمانی حلقہ کے 8 اپریل کو ضمنی انتخابات کے دوران بائیں بازو کے 8 افراد ہلاک کردیئے گئے جس کیوجہ سے اننت ناگ پارلیمانی حلقہ کے انتخابات منسوخ کرنے پڑے۔ چیف منسٹر محبوبہ مفتی نے اُمید ظاہر کی کہ عوام آئندہ سال پنچایت انتخابات میں یقینی طورپر حصہ لیں گے ۔