سرینگر 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے ایک اور علاقائی جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے آج اعلان کیاکہ وہ بلدی چناؤ اور پنچایت انتخابات کا بائیکاٹ کرے گی جو اِس ماہ کے اواخر منعقد ہونے والے ہیں۔ چند روز قبل ہی نیشنل کانفرنس نے اِن چناؤ سے دور رہنے کے اپنے فیصلہ کا اعلان کیا تھا۔ سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر اور پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے پارٹی میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں کو بتایا کہ وہ چناؤ نہیں لڑیں گے کیوں کہ موجودہ صورتحال انتخابات کے لئے سازگار نہیں ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ہم آرٹیکل 35A کے تحفظ کے لئے کسی بھی حد تک جائیں گے۔ اُنھوں نے سرینگر میں پریس کانفرنس میں کہاکہ ریاست کے عوام نے بہت قربانی دی ہے اور کوئی بھی آرٹیکل 35A کے جواز کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کرسکتا۔ پی ڈی پی ترجمان رفیع احمد میر نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ جب تک آرٹیکل 35A کے تعلق سے عوام کے ظاہر کردہ خدشات کا اطمینان بخش ازالہ نہیں کیا جاتا ، ہمارا احساس ہے کہ بلدی اور پنچایت چناؤ کا انعقاد فضول عمل رہے گا۔