پندرہ ریاستوں میں اہم راجیہ سبھا امیدواروں کے پرچہ جات نامزدگی منظور

نئی دہلی ۔ یکم ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) آٹھ آزاد امیدواروں کے سوائے تمام اہم راجیہ سبھا کے امیدواروں کے پرچہ جات نامزدگی 15 ریاستوں میں منظور کرلئے گئے۔ ان میں سینئر کانگریسی قائدین پی چدمبرم، کپل سبل، مرکزی وزیر پیوش گوئل کے پرچہ جات نامزدگی جانچ کے بعد درست قرار دیئے گئے۔ یو پی اور ہریانہ میں مقابلہ یقینی ہوگیا۔ ہریانہ میں مرکزی وزیر برقی توانائی پیوش گوئل اور چدمبرم ان افراد میں شامل ہیں جو بلامقابلہ راجیہ سبھا کیلئے منتخب ہوگئے۔ یوپی میں ایس پی کے ساتھ بی ایس پی کے دو امیدوار راجیہ سبھا کیلئے مقابلہ کررہے ہیں۔ کانگریس کے سینئر قائد کپل سبل اور بی جے پی کے شیو پرتاپ شکلا دیگر اہم امیدوار ہیں جو یو پی میں مقابلہ کریں گے۔ مہاراشٹرا میں تمام 6 امیدواروں کے پرچہ جات نامزدگی درست قرار دیئے گئے۔ ٹاملناڈو میں 7 اور کرناٹک میں ایک آزاد امیدوار کے پرچہ جات جانچ کے بعد مسترد کردیئے گئے۔ جے ڈی ایس کے 5 ارکان مقننہ بشمول ضمیراحمد مبینہ طور پر کانگریس کے امیدوار کی تائید کررہے ہیں۔ سینئر ٹی آر ایس قائدین بی سرینواس اور کیپٹن وی لکشمی کانت نے ریاست تلنگانہ سے اور آندھراپردیش سے مرکزی وزیر وائی ایس چودھری ، پربھو اور سابق ریاستی وزیر وینکٹیش نے تلگودیشم کے ٹکٹ پر اپنے پرچے داخل کئے۔