پنجہ گٹہ میں نامعلوم لڑکی کی جھلسی ہوئی نعش دستیاب

حیدرآباد 20 مارچ (سیاست نیوز) پنجہ گٹہ آئی اے ایس کالونی میں آج ایک نامعلوم لڑکی کی جھلسی ہوئی نعش مشتبہ حالت میں دستیاب ہوئی۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس پنجہ گٹہ کو آج میونسپل پارک کے قریب ایک جھلسی ہوئی نعش دستیاب ہونے کی اطلاع موصول ہوئی تھی جس پر انسپکٹر بی موہن کمار مقام واردات پر پہونچ کر سراغ رساں دستہ کلوز ٹیم کو طلب کیا اور بعدازاں نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ میں منتقل کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ نعش کے قریب شراب کی ایک بوتل اور ایک کتاب دستیاب ہوئی ہے۔ پولیس کو ابتدائی تحقیقات میں یہ پتہ چلا ہے کہ فارنسک ماہرین نے پوسٹ مارٹم کے دوران اِس بات کا پتہ لگایا ہے کہ متوفی زندہ جھلس گئی تھی کیونکہ اُس کے پھیپھڑوں میں دھواں پایا گیا۔ پنجہ گٹہ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا اور لڑکی کی شناخت کے لئے علاقہ میں خفیہ ٹیموں کو تعینات کردیا۔