متوفیہ کا نندی گاما سے تعلق، ملازمت کے حصول میں ناکامی پر خودکشی کا نوٹ
حیدرآباد ۔ 21 مارچ (سیاست نیوز) پنجہ گٹہ کے سنسنی خیز معاملہ میں پولیس نے اہم سراغ دستیاب کرلیا ہے۔ پولیس نے مشتبہ طور پر جھلس کر فوت ہوئی اس لڑکی کی شناخت کرلی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس لڑکی کی شناخت پوجیتا کی حیثیت سے کرلی گئی ہے جو سی اے انٹر کی طالبہ تھی اور اس لڑکی کا تعلق نندی گاما ضلع کرشنا سے بتایا گیا ہے۔ لڑکی وجئے واڑہ کے ایک کالج میں زیرتعلیم تھی۔ تاہم لڑکی کی جانب سے لکھے گئے خودکشی نوٹ کو پولیس نے برآمد کرلیا ہے جو اس نے حیدرآباد روانگی سے قبل لکھا تھا۔ لڑکی اپنی بڑی بہن کو ملازمت حاصل ہونے کے بعد سے دلبرداشتہ تھی۔ یہ لڑکی احساس کمتری کا شکار تھی اور ملازمت نہ ملنے پر ذہنی تناؤ میں مبتلاء تھی۔ پولیس سمجھتی ہیکہ اس لڑکی نے حیدرآباد روانگی سے قبل خودکشی کا نوٹ لکھا تھا۔ تاہم اس پر شبہات بھی پائے جاتے۔ پوجیتا کی نعش اور جائے مقام کا پنچنامہ کرنے والی پنجہ گٹہ پولیس خودکشی کی بات ماننے تیار نہیں چونکہ پنچنامہ اور جائے مقام کی جانچ کے بعد پولیس کو شبہات پائے جاتے ہیں۔ پولیس سمجھتی ہیکہ ظلم و زیادتی کے بعد اس لڑکی کا قتل کیا گیا ہوگا۔ تاہم پولیس نے پوجیتا کے عاشق کو حراست میں لے لیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔