ممبئی۔29مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) دفاعی چمپئن ممبئی انڈینس کے خلاف 7وکٹوں کی جامع کامیابی کے بعد دو مرتبہ کی سابق چمپئن چینائی سوپر کنگس کا مقابلہ پہلے کوالیفائر مقابلے میں کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے خلاف شکست برداشت کرنے والی کنگس الیون پنجاب کے خلاف کل یہاں اور اس مقابلہ میں کامیاب ہونے والی ٹیم کو یکم جون کو بنگلور میں کھیلے جانے والے فائنل میں کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے خلاف صف آراء ہوگی ۔کنگس الیون پنجاب نے گروپ مرحلے کے دو مقابلوں میں پہلے ابوظہبی اور پھر کٹک میں چینائی کے خلاف ایک مرتبہ 200سے زائد رنز کا کامیاب تعاقب کیا تو دوسری مرتبہ کٹک میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آئی پی ایل 7کا اعظم ترین اسکور بنایا ہے ۔ کل وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا یہ مقابلہ چینائی کیلئے ایک بہترین موقع ہوگا کہ وہ کنگس الیون پنجاب کے خلاف ٹورنمنٹ میں ہوئی
دو ناکامیوں کا حساب برابر کرلیں ‘ تاہم اس کیلئے یہ نتیجہ حاصل کرنا آسان نہیں ہوگا کیونکہ چینائی کے دو اہم اسپنرس تصور کئے جانے والے روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ دونوں مرتبہ ناکام ہوئے تھے ۔ چینائی کے خلاف دونوں مرتبہ میکس ویل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تھا جیسا کہ متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے مقابلہ میں جب کنگس الیون پنجاب 206رنز کے نشانہ کا تعاقب کررہی تھی اس موقع پر میکس ویل نے 43گیندوں میں 95رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی بعد ازاں کٹک میں 35گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 90رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو 231رنز کا اسکور فراہم کیا تھا ۔ میکس ویل نے روی چندرن اشون کے دو اوورس میں 38رنزاسکور کرنے کے علاوہ انہیں وکٹ حاصل کرنے سے محروم رکھا ۔ چینائی کیلئے کل پھر ایک مرتبہ میکس ویل ایک خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں ۔
چینائی اس مرتبہ کنگس الیون پنجاب کے گروپ مرحلے میں شاندار مظاہروں کے بعد گذشتہ مقابلہ میں ایڈن گارڈنس میں کئے جانے والے ناقص مظاہرہ کا فائدہ اٹھانے کیلئے کوشاں ہوگی ۔ کنگس الیون پنجاب کیلئے ضروری ہے کہ وہ چینائی کے خلاف کرو یا مرو صورتحال کے اس مقابلہ میں گذشتہ شکست سے فوری خود کو باہر نکال لیں۔ چینائی نے گذشتہ مقابلہ میں اپنے اوپنرس کی جوڑی میں تبدیلی کرتے ہوئے ٹورنمنٹ میں 559رنز اسکور کرنے والے ڈیون اسمتھ کے ساتھ جنوبی افریقہ کے کھلاڑی فاف ڈوپلیسی کو اننگز کے آغاز کے لئے روانہ کیا تھا ۔ چینائی کی
یہ حکمت عملی کامیاب رہی کیونکہ اوپنرس کی اس جوڑی نے دو مرتبہ ٹیم کو نصف سنچری کی شروعات فراہم کی ۔ نمبر 3پر سریش رائنا نے 33گیندوں میں 54رنز اور ڈیوڈ ہسی نے 29گیندوںمیں 40رنز اسکور کرتے ہوئے ممبئی کے خلاف 173رنز کا آسانی سے نشانہ حاصل کرلیا ۔ پنجاب کے اوپنر ویریندر سہواگ جنہیں بنگلہ دیش کے مختصر دورے اور انگلینڈ کے خلاف طویل ترین ٹسٹ سیریز کیلئے ہندوستانی ٹیم میں نظرانداز کردیا گیاہے اُن کا اپنے سابق کپتان دھونی کے خلاف ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کرنے والا مظاہرہ توجہ کا مرکز ہوگا ۔ سہواگ نے ٹورنمنٹ میں ایک تیز ترین نصف سنچری اسکور کرنے کے علاوہ متعدد مرتبہ 30رنز تیزی کے ساتھ بناتے ہوئے ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کی ہے۔ ڈیوڈ ملر اور کپتان جارج بیلی سے بھی پنجاب بہتر مظاہرہ کی امید کررہاہے ۔