پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی حیثیت بن دولہے کی بارات: کانگریس

جالندھر، 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اکھل بھارتیہ مہیلا کانگریس کی صدر شوبھا اوجھا نے کہا کہ شرومنی اکالی دل اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت نے پنجاب کو کھوکھلا کردیا ہے ۔ محترمہ اوجھا نے آج صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جس پنجاب کے کسان ملک کا پیٹ بھرتے تھے ، ان کے بیٹے سرحد پر ملک کی حفاظت کے لئے پہچانے جاتے تھے آج اس پنجاب کی ایسی حالت ہو گئی ہے کہ کسان قرض کے بوجھ تلے دب کر خودکشی کر رہے ہیں۔ ریاست کے 70 فیصد نوجوان کسی نہ کسی طرح کے نشے کی گرفت میں ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی جالندھر ریلی میں دئے گئے بیان کہ” پنجاب کو برباد کرنے والوں کو بخشا نہیں جاے گا ”، پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اوجھا نے کہا کہ واقعی جس اتحاد نے پنجاب کو برباد کر دیا ہے لوگ اسے بخشیں گے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی تاریخ ہے کہ جو بھی وعدہ کیا جاتا ہے اسے پورا کیا جاتا ہے ۔ محترمہ اوجھا نے عام آدمی پارٹی کو پنجاب میں بن دلہے کی بارات قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تک ان کے وزیر اعلی کے عہدے کے امیدوار کا کوئی پتہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اروند کجریوال اپنے گرو انا ہزارے کو دھوکہ دے کر سیاست میں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کی ترقی صرف اخبارات میں ہی ہوئی ہے ۔ لوگوں کے ٹیکس کا پیسہ کیجریوال نے اپنی تشہیر پر خرچ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی سے نشہ ختم کرنے کی امید بھی نہیں کی جا سکتی کیونکہ کیجریوال نے دہلی میں شراب کے 350 نئے ٹھیکے کھولے ہیں۔ صفائی ملازمین کو تنخواہ نہیں دی جا رہی۔ اساتذہ کے 28 ہزار عہدے خالی ہونے پر بھی نئی بھرتی نہیں کی جا رہی۔خواتین کو بااختیار بنانے پر انہوں نے کہا کہ کانگریس ہی واحد پارٹی ہے جو خواتین کے لئے 33 فیصد کا ریزرویشن لے کر آئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آنجہانی راجیو گاندھی کے ویژن کی وجہ سے ہی آج لاکھوں خواتین کام کر رہی ہیں۔