پنجاب میں ریل روکو احتجاج سے کسان یونین کی دستبرداری

چندی گڑھ۔/13اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) پنجاب کے کسانوں نے گزشتہ ایک ہفتہ سے جاری ریل روکو احتجاج سے آج دستبرداری اختیار کرلی ہے جس نے ریاست میں ٹرین خدمات کو مفلوج کردیا تھا لیکن آج انہوں نے بتایا کہ اعظم ترین معاوضہ ( فصل کے نقصانات کی پابجائی ) کے مطالبہ کی تائید میں پرکاش سنگھ بادل حکومت کے خلاف ان کا احتجاج جاری رہے گا۔ ریلوے پٹریوں پر دھرنا دینے کی بجائے اب یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ22اکٹوبر کو تمام ریاستی وزراء ، حکمران جماعت کے ارکان اسمبلی اور دیگر پارٹی لیڈروں کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ بھارتیہ کسان یونین ایکتا کے جنرل سکریٹری جگموہن سنگھ نے آج یہ اطلاع دی ۔ واضح رہے کہ پنجاب میں امبالہ اور فیروز پور ڈیویژنس میں 9اکٹوبر سے شروع کئے گئے کسانوں کے ریل روکو احتجاج سے 1100 ٹرینس متاثر ہوگئیں، ہزاروں مسافرین کو مشکلات اور ریلوے کو کروڑہا رویئے کا نقصان اٹھانا پڑا۔ دریں اثناء ریلوے حکام نے بتایا کہ ریلوے ٹریفک کی بحالی کیلئے کم از کم 24گھنٹے درکار ہوں گے کیونکہ ریلوے پٹریوںکا معائنہ کرنے کے بعد ہی ٹرینوں کی آمدورفت کی اجازت دی جاسکتی ہے۔ جبکہ یہاں پر گزشتہ ایک ہفتہ سے کسانوں کے احتجاج کے باعث پٹریوں کو نقصان کا اندیشہ رہتا ہے ۔ واضح رہے کہ بادل حکومت اور کسانوں کے لیڈروں میں کل مذاکرات ہوئے لیکن کوئی نتائج برآمد نہیں ہوسکے۔