بلسور 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دیسی ساختہ پناکا راکٹس جو 40 کیلو میٹر کے دائرہ میں تیز رفتار حملوں کے ذریعہ دشمن کے مورچوں کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، آج چاندی پور آن سی سے کثیر بیارل والے لانچر کے ذریعہ 3 مرتبہ کامیابی سے داغے گئے۔ یہ راکٹ 1995 ء سے اب تک کئی سخت آزمائشوں میں کامیاب رہ چکے ہیں۔ اُنھیں پہلے ہی مسلح افواج کے سپرد کردیا گیا ہے۔ موجودہ آزمائشی پرواز ہتھیاروں کے نظام کو بہتر بنانے کے بعد کی گئی ہے۔ وزارت دفاع کے ذرائع کے بموجب مزید چند آزمائشی پروازیں ممکن ہیں۔ آج 3 بار اِن راکٹوں کو کامیابی کے ساتھ پرواز پر روانہ کیا گیا۔ اِن کا ہتھیاروں کا نظام وسیع علاقہ میں تیز رفتار حملے کرسکتا ہے۔ 12 راکٹ 44 سیکنڈ میں داغے جاسکتے ہیں۔