حیدرآباد 2 اگست(سیاست نیوز) ضلع میدک کے نارائن کھیڑ رائے پلی روڈ پر آپا راو شیٹکر نگر کے نام سے پلاٹنگ کے بعد خریداروں کو مالکین اراضی کی جانب سے دھمکیاں دینے کا واقعہ منظر عام پر آیا ہے جس کی وجہ سے خریدار، مالکین کی دھمکیوں سے خوفزدہ ہیں ۔ بتایاجاتا ہیکہ اراضی مالک امرناتھ شیٹکر اور ان کے چار بھائیوں نے سال 1994 ء میں پلاٹس کی فروختگی کا آغاز کیا تو 500 افراد نے ان کے پلاٹس خریدے لیکن خریداوں کو پلاٹس الاٹ نہیں کیا گیا بلکہ خریداروں نے ان کے پلاٹس کی رجسٹری بھی کروالی ہے ۔ خریدار گرام پنچایت کا اجازت نامہ رکھنے کے ساتھ ساتھ اراضی کا ٹیکس بھی پابندی سے ادا کررہے ہیں ۔ خریداروں کو دھوکہ دہی ایک واقعہ میں مالک اراضی نے 1 اگسٹ 1994 کو نکہت بیگم کو ایک پلاٹ فروخت کیا رجسٹری دستاویزات میں مالک اراضی امرناتھ شٹکر اور ان کے دیگر بھائیوں نے بھی دستخط کی تھی تاہم انہیں پلاٹ الاٹ کرنے سے متعلق استفسار کرنے پر انہیں دھمکیاں دی جارہی ہیں ۔ بتایا جات ہیکہ اراضی مالک امرناتھ شیٹکر سابق رکن پارلیمنٹ سریش کمار شیٹکر کے بھائی ہیں ۔ متاثر خاتون نے وزیر مال تلنگانہ کے علاوہ محکمہ ریونیو کے عہدیداروں سے درخواست کی کہ وہ فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے خریداروں کو ان کا حق دلوائیں ۔