پلاسٹک کا استعمال ترک کرنے عوام کو مشورہ
نارائن پیٹ /12 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ماحولیاتی نظام کے تحفظ اور قابل برقرار ترقی کے حصول کیلئے عوام کو رضاکارانہ طور پر پلاسٹک کا استعمال ترک کرنا ناگزیر ہے ۔ ان خیالات کا اظہار آر ڈی او نارائن پیٹ محترمہ یاسمین باشاہ نے مقامی مجلس بلدیہ کے کونسل ہال میں منعقدہ ایک شعور بیداری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو پلاسٹک کے استعمال پر پابندی سے متعلق منعقد کیا گیا تھا ۔ اس اجلاس میں سرکاری عہدیداران کے علاوہ مقامی تاجرین بھی شریک تھے ۔ آر ڈی او نے اپنے طویل خطاب میں پلاسٹک کے استعمال سے ہونے والے نقصانات اور ماحول کے تحفظ سے متعلق تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اگر تاجرین پلاسٹک کے استعمال کو ترک کرنے کا بیڑہ اٹھائیں تو عوام مکمل طور پر اس کو ترک کردیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کے احکامات کی روشنی میں نارائن پیٹ ٹاون میں 14 نومبر کے بعد پلاسٹک کے استعمال پر مکمل پابندی رہے گی اور اس کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی ۔ ان کے اس اعلان پر کچھ تاجرین نے اس معیاد کو بڑھانے کی اپیل کی جس پر انہوں نے واضح کیا کہ 14 نومبر سے پلاسٹک پر پابندی لاگو ہوگی اور 24 نومبر تک اس میں ڈھیل رہے گی ۔ تاہم 24 نومبر سے ٹاون میں مکمل طور پر پلاسٹک پر پابندی لازمی طور پر ہوگی اور اس میں کسی طرح کی کوئی رعایت نہیں دی جائے گی ۔ انہو ںنے عوام کو مشورہ دیاکہ وہ جابجا کچرا پھینکنے کے بجائے کچرے دان میں ہی کچرا ڈالیں اور اس سلسلہ میں بلدیہ کی جانب سے صفائی انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ بلدی کے عہدیداران اور صفائی عملہ کچرے کی فوراً نکاسی کریں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ماحول کو بہتر بنانے اور صفائی کے اقدامات کو روبہ عمل لانے میں سرکاری عہدیداران سے زیادہ عوامی شعور بیداری ضروری ہے ۔ اس موقع پر کمشنر بلدیہ مسٹر سمیا ، منیجر گنگادھر ، سنیٹری انسپکٹر رمیش ، شری دھر ، آر آئی محمد یوسف و دیگر عہدیداران کے علاوہ مقامی تاجرین و معززین شہر کی کثیر تعداد شریک تھی ۔