پشکرم یاترا کے دوران حادثہ ، 6 ہلاک ، 10 زخمی

ویان درخت سے ٹکراگئی ، مہلوکین میں خاتون ، دو بچے شامل
کریم نگر ۔ 22 جولائی ۔ (پی ٹی آئی) گوداوری پشکرم جانے کے دوران ایک ہی خاندان کے چھ افراد اُس وقت ہلاک ہوگئے جب اُن کی تیز رفتار ویان ایک درخت سے ٹکراگئی ۔ پولیس کے مطابق آج صبح کریم نگر کے مضافات میں پیش آئے اس واقعہ میں دیگر دس افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ یہ حادثہ صبح ساڑھے چھ بجے منتھی پولیس اسٹیشن کے حدود میں ایکلاس پور دیہات کے مضافات میں پیش آیا جبکہ منتھنی محبوب نگر سے تعلق رکھنے والے یاتری دریائے گوداوری میں پشکرالو تہوار کے دوران مقدس ڈبکی لگانے کی غرض سے ویان میں جارہے تھے ۔ سرکل انسپکٹر پربھاکر نے یہ بات بتائی ۔ انھوں نے کہاکہ تیز رفتار ویان درخت سے ٹکرا گئی جس کے سبب چھ افراد مقام واقع پر ہی ہلاک ہوگئے ۔ مہلوکین میں ایک خاتون ایک سالہ اور چار سالہ بچے بھی شامل ہیں۔ دس شدید زخمیوں کو کریم نگر کے دواخانہ میں شریک کیا گیاہے۔نعشوں کی ہنوز شناخت نہیں ہوئی ہے ۔ نعشوں کو پوسٹ مارم کیلئے منتھنی کے سرکاری دواخانہ منتقل کردیاگیا۔