پسینہ جلد کی سطح پر موجود باریک مساموں سے نکلنے والی رطوبت ہوتی ہے جس کا اخراج کسی بیماری یا جسم کے کسی اعضا کے کام نہ کرنے کی وجہ سے نہیں ہوتا بلکہ یہ انسانی جسم سے فاسد مادوں کو باہر نکالنے کا ایک قدرتی عمل ہے جو جسم کے درجہ حرارت کو کنٹرول کرتا ہے ۔ تاہم پسینے کی زیادتی اور اس کی وجہ سے اٹھنے والی ناخوشگوار بدبو اکثر لوگوں کیلئے پریشانی اور شرمندگی کا باعث بن جاتی ہے ۔ عام طور پر پسینے کا اخراج بغلوں ، ہاتھوں اور پیروں کے تلووں میں زیادہ ہوتا ہے ۔ جس کی شدت مختلف لوگوں میں مختلف نوعیت کی ہوتی ہے ۔
اسباب : انسانی جسم میں پسینے کے حد سے زیادہ اخراج کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں ۔ ورزش انسانی جذبات جیسے کہ غصہ ، خوف، گھبراہٹ لو لگنا ، کینسر بلڈ پریشر کی ادویات کا استعمال ، موٹاپا مخصوص ایام میں بے ترتیبی ، شوگر ، ہارمونز کے اخراج کی عدم توازن جبکہ بعض سپلیمنٹ بھی پسینے کی زیادتی کا سبب بنتی ہے ۔ پسینے کی زیادتی اور ناخوشگوار بدبو سے چھٹکارا پانے کیلئے جسم کی صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ قدرتی گھریلو نسخوں کا استعمال بھی حیرت انگیز نتائج مرتب کرتا ہے ۔