حیدرآباد /20 جون ( سیاست نیوز ) مشیرآباد کے علاقہ میں ایک طالبہ نے بلندی سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ کمسن لڑکی اپنی مرضی سے شادی کرنا چاہتی تھی لیکن اس کے والدین کو یہ فیصلہ پسند نہیں تھا اور والدین اپنی لڑکی کو واپس لینے کیلئے ہاسٹل پہونچے تھے ۔ لڑکی نے والدین کو دیکھ کر ان کی نظروں کے سامنے بلندی سے چھلانگ لگادی ۔ اس واقعہ سے مشیرآباد میں سنسنی پھیل گئی ۔17 سالہ ثناء بیگم جو پالی ٹکنک کی طالبہ تھی ۔ پداپلی چناکنٹہ علاقہ کے ساکن محمد غوث کی بیٹی تھی ۔ ثناء مشیرآباد میں واقع بی سی ویلفیر ہاسٹل میں رہتی تھی جو پالی ٹیکنک زیر تعلیم تھی ۔عیدالفطر کے موقع پر ثناء اپنے ساتھی کے ہمراہ آبائی مقام گئی تھی اور اس نے ساتھی کا تعارف اپنے والدین سے کروایا تھا اور اس لڑکی نے والدین کو یہ بھی بتایا تھا کہ وہ اس لڑکے سے محبت کرتی ہے ۔ ثناء نے کل فون پر والدین کو بتایا تھا کہ وہ اس لڑکے سے شادی کرنا چاہتی ہے جو اس کے ہمراہ پداپلی آیا تھا ۔والدین کی آمد پر لڑکی نے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔