لندن ۔ 24جون (سیاست ڈاٹ کام )ویسے تو کرکٹ کے کھیل میں آج کل کچھ بھی ناممکن نہیں لیکن ہاں ایسا کوئی بھی موقع ڈھونڈنا تقریباً ناممکن ہے جہاں کسی بھی مرد کرکٹر سے اس کی پسندیدہ خاتون کرکٹر کا نام پوچھا گیا ہو۔شاید یہی وجہ ہے کہ جب ہندوستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان متھالی راج سے ان کے پسندیدہ مرد کرکٹر کا نام پوچھا گیا تو انہیں یہ سوال کچھ پسند نہ آیا۔خواتین ورلڈ کپ کے ضمن میں پریس کانفرنس کے دوران جب ایک رپورٹر نے یہ سوال پوچھا توکپتان نے اپنے جواب سے ان کو منہ بند کردیا۔انہوں نے صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کیا آپ نے کبھی یہ سوال کسی مرد کرکٹر سے پوچھا ہے؟ کیا آپ نے ان سے پوچھا کہ ان کی پسندیدہ خاتون کرکٹر کون ہیں۔ مجھ سے ہمیشہ یہ پوچھا جاتا ہے کہ آپ کا پسندیدہ کرکٹر کون ہے لیکن آپ لوگوں کو ان سے پوچھنا چاہیے کہ ان کی پسندیدہ خاتون کرکٹر کون ہے؟دنیا میں سب سے زیادہ کرکٹ ہندوستان میں دیکھی جاتی ہے اور ہندوستانی کرکٹرز کی وہاں اہمیت کسی بھی طور بالی وڈ اسٹارز سے کم نہیں لیکن خواتین کرکٹرز کو ان کی نسبت زیادہ توجہ نہیں ملتی اور حتیٰ کہ عوام ٹیم کی گیارہ کھلاڑیوں کے ناموں سے بھی واقف نہیں اور شاید رویے میں اعتدال نہ ہونے پر متھالی راج صحافی پر برس پڑیں۔انہوں نے کہا کہ ہم میں اور مرد کرکٹرز میں بہت برا فرق ہے کیونکہ ہم مستقل ٹی وی پر نہیں آتے۔ حال ہی میں بی سی سی آئی نے دو ہوم سیریز ٹیلی ویژن پر نشر کر کے ایک کاوش کی اور سوشل میڈیا پر بھی مثبت رجحان دیکھنے کو ملا لیکن کھلاڑیوں کو سراہنے کیلئے اب بھی بہت کچھ کئے جانے کی ضرورت ہے۔