پسماندہ طبقات کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات

میدک میں ڈپٹی اسپیکر اسمبلی ایم پدما دیویندر ریڈی کا خطاب
میدک ۔ 8 ۔ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )  ریاستی سرکار کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے کئی ایک ٹھوس اقدامات کرتی آرہی ہے ۔ وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ تمام طبقات کی خوشحالی کے ساتھ سنہری تلنگانہ کے قیام کیلئے کوشاں ہیں ۔ ایم ایل اے میدک و ڈپٹی اسپیکر ریاستی قانون ساز اسمبلی محترمہ ایم پدما دیویندر ریڈی نے میدک میں ماہی گیروں کو کاروبار کی انجام دہی کیلئے ایک عدد ٹاٹا اے سی وہیکل اور چار عدد ٹووہیلر گاڑیاں ، 75 فیصد سبسیڈی کے تحت تقسیم کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ کیمپ آفس میں منعقدہ تقسیم وہیکلس پروگرام میں اسسٹنٹ ڈائرکٹر محکمہ سمکیات لکشمی نارائن ، آر ڈی او میدک مسٹر ایم ناگیش ، کمشنر بلدیہ مسٹر پرساد راو ، صدرنشین بلدیہ مسٹر اے ملکارجن گوڑ ، وائس چیرمین راگی اشوک ، صدرنشین زرعی مارکیٹنگ کمیٹی مسٹر اے کرشنا ریڈی ، کونسلر آر کے سرینواس ، پی آر او کیمپ آفس مسٹر جیون راؤ بھی موجود تھے ۔ قبل ازیں پدما دیویندر ریڈی نے گزشتہ ہفتہ سنگور پراجکٹ سے میدک کے گھن پور پراجکٹ کو چھوڑا گیا 3.5  ٹی ایم سی پانی کا گھن پور کے تحت بہنے والے نالوں ، محبوب نہر ، فتح نہر کیلئے اخراج کیا ۔ اس موقع پر اگزیکٹیو انجینئر اریگیشن بھی موجود تھے ۔ بعدازار ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندرریڈی نے جناب ظہیرالدین موظف آر ٹی سی کے اہلیہ و نمائندہ منصف حافظ محمد فصیح الدین کے والدہ کے انتقال پر ان کے مکان پہونچ کر صدمہ کا اظہار کیا اور بلدیہ میدک کے کونسلر مسٹر مایا ملیشم کے بڑے بھائی مایا ست نارائن کے انتقال پر مایا ملیشم سے ملاقات کی اور غم کا اظہار کیا ۔ ان کے ہمراہ ملکارجن گوڑ ، اشوک ، محمد فاضل ، کرشنا ریڈی بھی موجود تھے ۔