پسماندہ اور اعلی طبقات سے متعلق لالو کے ریمارک پر مباحث

پٹنہ 28 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) راشٹریہ جنتادل کے سربراہ لالو پرساد یادو کا ایک ریمارک بحث کا موضوع بن گیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ بہار کے انتخابات پچھڑی ذاتوں اور اعلی ذاتوں کے مابین لڑائی ہے ۔ راگھوپور اسمبلی حلقہ سے اپنے چھوٹے بیٹے تیجسوی یادو کی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے لالو پرساد یادو نے کہا کہ یہ انتخاب اعلی ذاتوں اور پسماندہ ذاتوں کے مابین لڑا جا رہا ہے ۔ انہوں نے یادو برادری اور او بی سی طبقہ پر زور دیا کہ وہ بہار میں سکیولر اتحاد کا ساتھ دیں۔ بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے نے لالو کے ریمارکس پر تنقید کی ہے ۔ بی جے پی لیڈر سشیل کمار مودی نے کہا کہ ریاست میں اگر این ڈی اے کی حکومت تشکیل دیتی ہے تو وہ ترقی کو یقینی بنائیگی جس سے اعلی اور پچھڑے طبقات سبھی کے لوگ استفادہ کرسکیں گے ۔ جے ڈی یو نے کہا کہ لالو یادو کا اصل منشا آر ایس ایس سربراہ کے کوٹہ ریمارکس کی وضاحت کرنا تھا ۔